باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردی ،محکمہ داخلہ پنجاب کے سکیورٹی الرٹ کے بعد تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کوانتہائی سخت کر دیا گیا

بدھ 20 جنوری 2016 13:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء) چار سدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردی کے واقعہ پر محکمہ داخلہ پنجاب کے سکیورٹی الرٹ کے بعد تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ،حساس قرار دئیے گئے تعلیمی اداروں کی طرف آنے والے راستوں پر پولیس اہلکار وں کو تعینات کر کے پیٹرولنگ کا عمل بھی بڑھا دیاگیا ۔

تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد ممکنہ دہشتگردی کے کسی بھی واقعہ سے نمٹنے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے تعلیمی اداروں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری کر کے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری سکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری کیں ۔ اس تناظر میں تمام یونیورسٹیز، کالجز سمیت دیگر اہم تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو سخت کر دیا گیا جبکہ اضافی داخلی اور خارجی راستوں کو فوری بند کر کے ایک سے دو راستے استعمال کئے گئے ۔

(جاری ہے)

حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں سروے میں حساس قرار دئیے گئے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا جبکہ ایلیٹ سمیت متعلقہ تھانے کی گاڑیاں پیٹرولنگ کرتی رہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں اہم سرکاری و نجی خصوصاً قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارتوں کی سکیورٹی بھی ہائی الرٹ ہے۔