سیکٹر F-6 کے 90 پرانے سرکاری گھر مسمار کر کے 1200 فلیٹ بنائے جائیں گے، اکرم درانی

بدھ 20 جنوری 2016 14:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم درانی نے کہاہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر F-6 کے 90 پرانے سرکاری گھر مسمار کر کے اس جگہ 1200 فلیٹ بنائے جائیں گے ۔ اس حوالے سے وزارت نے سمری وزیر اعظم کو بھجوا دی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹ قائمہ کمیٹی میں کیا ہے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس گزشتہ روز سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹر شاہی سید ، سینیٹر سعیدالحسن مندوخیل اور سینیٹر خالدہ پروین نے شرکت کی ۔

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے کمیٹی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے یہ وزارت بنی ہے تب سے اسلام آباد میں صرف 23 ہزار سرکاری گھر بنائے گئے ہیں گزشتہ دو سال میں ہماری وزارت نے کافی کام کر رہی ہے اور ہمیں تمام سینیٹرز کی مدد کی ضرورت ہے ان کا کہنا تھا کہ 30 ہزار سرکاری ملازمین کچے علاقوں میں رہتے ہیں اور ان کو گھر مہیا نہ کرنا وزارت ہاؤسنگ کے لئے شرمندگی کی بات ہے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں پانچ ہزار فلیٹ مہیا کر چکے ہیں اور مزید اس پر کام جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ہمارا منصوبہ ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف سکس میں پرانے 90 گھروں کو مسمار کر کے وہاں 1200 فلیٹ بنائے جا سکتے ہیں اور اس کی اجازت کے لئے وزیر اعظم کو سمری ارسال کر رہی ہے اور اجازت کے بعد اس پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا ہے کہ ہمیں نہیں پتہ تھا کہ سرکاری گھروں میں کون رہتا ہے اور ہمارے سرکاری گھر کہاں ہیں اس حوالے سے تین ارکان پر مشتمل چالیس کمیٹیاں بنائی گئی تھیں جو مکمل سروے کر کے رپورٹ پیش کر دی ہے چیئرمین کمیٹی تنویر الحق تھانوی نے کہا ہے کہ سینٹ کی کمیٹی وزارت کی مکمل امداد کرے گی اور حمایت کر کے سرکاری ملازمین کو چھت مہیا کریں گے سینیٹر سعید الحسن مندوخیل نے کہا ہے کہ اس وزارت پر ملازموں کی بھرتی پر سٹے ختم کر کے فوراً خالی آسامیاں پر کر کے کارکردگی موثر کی جائے ۔

سینیٹر شاہی سید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے وسط میں موجود کچی آبادیاں ختم کر کے ان کے رہائشیوں کو جگہ گھر مہیا کئے جائیں اور کچھ آبادیوں کی جگہ پر سرکاری ملازمین کے لئے رہائش مہیا کی جائیں ۔ سینٹ قائمہ کمیٹی نے جلد قصر ناز اور دیگر پاک ڈبلیو ڈی کراچی کے تمام منصوبوں کا تفصیلی وزٹ کرنے اور تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کی سفارش بھی کر دی ہے عوام کے مفاد کے لئے پبلک کمپلینٹ سیل برائے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا قیام کی بھی سفارش کر دی ہے جس پر
وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم درانی اور وزارت کے اعلی حکام نے کمیٹی کی تمام فیصلوں پر عمدرآمد کرنے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت پوری لگن کے ساتھ کام کر رہی ہے اور کمیٹی کی سفارشات پر عمل کر کے فوراً رپورٹ بھی کمیٹی کو پیش کر دی جائے گی