معصوم طلبہ اور شہریوں کو شہید کرنے والے عبرتناک سزا کے مستحق ہیں‘ سردار شیر علی گورچانی

بدھ 20 جنوری 2016 14:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جنوری۔2016ء) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سرادر شیر علی خان گورچانی نے باچاخان یونیورسٹی چار سدہ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں جانی نقصان اور طلبہ کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس واقعہ کو ایک بزدلانہ کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم طلبہ اور شہریوں کو شہید کرنے والوں کا کوئی مذہب نہیں ہے، یہ عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت سوگوار خاندانون کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب کامیابیوں کے ساتھ فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکاہے ،تھوڑا سفر باقی ہے جسے مل کر طے کرنا ہو گا۔جس کے لئے قوم کا متحد ہوناضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو ضربِ عضب میں حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ ان ظالم درندہ صفت دہشت گردوں کو نیست و نابود کر کے دم لیں گے۔