نیوزی لینڈ میں اپنے آخری میچ کو جیت سے یادگار بنانا چاہتا ہوں،بولرز کو اپنی گارکردگی بہتر کرنی ہوگی،فیصلہ کن میچ میں فتح کے جذبے سے میدان میں اتریں گے اور میچ جیتنے کیلئے جان لڑادیں گے،جب تک پلاننگ کے مطابق نہیں کھیلیں گے فتح نہیں ملے گی،دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں عمر گل اور محمد عامر نے اچھی بولنگ نہیں کروائی، دونوں کھلاڑیوں کی کافی عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے‘ انھیں ردھم میں آنے میں تھوڑا وقت لگے گا

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی کی پریس کانفرنس

جمعرات 21 جنوری 2016 13:56

نیوزی لینڈ میں اپنے آخری میچ کو جیت سے یادگار بنانا چاہتا ہوں،بولرز ..

ویلنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں اپنے آخری میچ کو جیت سے یادگار بنانا چاہتا ہوں،بولرز کو اپنی گارکردگی بہتر کرنی ہوگی،فیصلہ کن میچ میں فتح کے جذبے سے میدان میں اتریں گے اور میچ جیتنے کیلئے جان لڑادیں گے،جب تک پلاننگ کے مطابق نہیں کھیلیں گے فتح نہیں ملے گی،دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں عمر گل اور محمد عامر نے اچھی بولنگ نہیں کروائی، دونوں کھلاڑیوں کی کافی عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے انھیں ردھم میں آنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

نیوزی کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل اپنے ایک انٹر ویو میں شاہد آفری کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی پچز پر کھیلنے کا مزہ آتا ہے، یہاں کے گراوٴنڈ بہت اچھے اور کراوٴڈ بھی سپورٹ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف آخری میچ کو یادگار بنانا چاہتا ہوں، کوشش ہو گی کہ فیصلہ کن میچ میں ٹیم جیتے اور آل راوٴنڈ پرفارمنس دکھاوٴں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عمر گل اور محمد عامر نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں اچھی بولنگ نہیں کروائی، دونوں کھلاڑیوں کی کافی عرصے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اس لئے انھیں ردھم میں آنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک پلاننگ کے مطابق نہیں کھیلیں گے فتح نہیں ملے گی، جس طرح سے نیوزی لینڈ کے بلے باز بیٹنگ کر رہے تھے اگر 200 رنز کا ہدف بھی ہوتا تو کیوی بلے باز وہ بھی بنا لیتے۔

انہوں نے کہا کہ کل کے میچ کیلئے ٹیم میں کئی تبدیلیاں کریں گے آخری میچ میں بولرز کو اپنی کارکردگی کا گراف بلند کرنا ہوگا، شعیب ملک اور عمر اکمل سے بہت توقعات ہیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ویلنگٹن میں ہونے والے فیصلہ کن معرکے کے لئے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں متوقع ہیں، صہیب مقصود اور عمر گل کی جگہ محمد رضوان اور انور علی کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔