سانحہ چارسدہ پر ملک بھر میں فضا سوگوار رہی ، تعلیمی اداروں میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی ، دعائیہ تقریبات کاانعقاد کیا گیا

جمعرات 21 جنوری 2016 14:13

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء ) باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں دہشتگردی کے واقعہ پر ملک بھر میں فضا سوگوار رہی ، تعلیمی اداروں میں شہداء کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات کاانعقاد کیا گیا ، ممکنہ دہشتگردی کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ،پولیس کو تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز کے اطراف میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

سانحہ چارسدہ پر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں فضا سوگوار رہی ۔ تعلیمی اداروں،سرکاری و نجی دفاتر میں دہشتگردی کے واقعہ میں شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا جاتا رہا ۔ مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریبات کابھی انعقادکیاگیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں چارسدہ میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد تعلیمی اداروں کی سکیورٹی دوسرے روزبھی ہائی الرٹ رہی ۔

ایلیٹ فورس ، کوئیک رسپانس فورس سمیت پنجاب یونیورسٹی کی اپنی سکیورٹی نے انتہائی سخت انتظامات کئے رکھے ۔ پولیس کی طرف سے حساس قرار دئیے گئے تعلیمی اداروں کے گرد بھی سکیورٹی تعینات رہی جبکہ پیٹرولنگ کا عمل بھی بڑھا دیاگیا ہے ۔ انتظامیہ کی طرف سے نجی تعلیمی اداروں کو اپنے طور پر بھی سکیورٹی کے فول پرو ف انتظامات کے دوبارہ احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمدعثمان نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین گلبرگ میں سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیا جہاں انہوں نے سکیورٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا ۔ڈی سی او کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو مزید سخت کررہے ہیں، طلبا کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ سکیورٹی فورسزکی مستعدی جانچنے کے لیے مشقیں بھی کروائی جائینگی۔

کیپٹل سٹی پولیس چیف کیپٹن (ر)امین وینس کی زیر صدارت پولیس اور حساس اداروں کے افسران کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں سکیورٹی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔سی سی پی او نے ڈویژنل ایس پیز کو ہدایات دیں کہ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیز کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ارد گرد سفید کپڑوں میں کمانڈوز کو تعینات کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کی طرف سے لاہور سمیت صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کے سربراہان کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے جاری کئے گئے ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :