ارجنٹائنی فٹبالر لیونل میسی اور ان کے والد کو ٹیکس فراڈ کے الزام میں عدالت نے طلب کر لیا

جمعرات 21 جنوری 2016 15:29

ارجنٹائنی فٹبالر لیونل میسی اور ان کے والد کو ٹیکس فراڈ کے الزام میں ..

بارسلونا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) سپین کے مشہور فٹ بال کلب بارسلونا کے ارجنٹائنی کھلاڑی لیونل میسی اور ان کے والد کو ٹیکس میں فراڈ کے الزام میں عدالت نے پیش ہونے کا حکم نامہ جاری کردیا۔میسی اور ان کے والد جارج کو اسپین کی ریاست نے2007 سے 2009 کے عرصے میں 4.2 ملین یورو (تقریباََ 48 کروڑ پاکستانی روہے) ٹیکس میں ہیر پھیر کرنے کا الزام دیا تھا جبکہ اسپین کی ایک عدالت نے دونوں کو گزشتہ سال اکتوبر میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا تھا۔

اسٹار فٹ بالر اور ان کے والد کی رواں سال 31 مئی سے 3 جون تک بارسلونا کی عدالت میں پیشی ہوگی۔حکومت کی جانب سے اٹارنی نے جرم ثابت ہونے کی صورت میں 22 ماہ جیل کی سزا تجویز کی ہے۔میسی اور ان کے والد جون 2013 میں ضابطے کے مطابق 'درستی' کے طورپر 5 ملین یورو (تقریباََ 57 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ٹیکس حکام کو پہلے ہی ادا کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

28 سالہ میسی 14 سال کی عمر میں2001 میں بارسلونا سے منسلک ہوئے تھے جہاں وہ 2001 سے 2004 تک سی ٹیم کا حصہ رہے اور 10 میچوں میں 5 گول کئے، 22 میچوں میں بارسلونا کی بی ٹیم کی نمائندگی کی اور 6 گول کرنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ بارسلونا کی ٹیم کی جانب سے اب تک 329 میچ کھیل کر 296 گول کرچکے ہیں۔

میسی نے اپنے ملک ارجنٹینا کے لیے 105 میچوں میں 49 گول کئے ہیں جبکہ انھوں نے اپنی ٹیم کو 2014 کے ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔