چارسدہ سانحہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی نتیجہ اخذ کرنا صحیح نہیں ‘ پاکستان

جمعرات 21 جنوری 2016 16:34

چارسدہ سانحہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی نتیجہ اخذ کرنا صحیح نہیں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان نے کہاہے کہ چارسدہ سانحہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی نتیجہ اخذ کرنا صحیح نہیں ‘پاکستان اور امریکہ کے مضبوط اور قریبی تعلقات ہیں ‘پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کی تاریخ جلد طے کی جائیگی ‘ وزیر اعظم کے سعودی عرب اور ایران کے دورے کا مقصد دونوں ممالک میں جاری کشیدگی میں کمی لانا تھا ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ چارسدہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں ، واقعے کی تحقیقات ہورہی ہیں ،مکمل تحقیقات سے پہلے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا ‘ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اورزخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے مضبوط اور قریبی تعلقات ہیں اور وزیر اعظم کے گزشتہ سال کے دورے سے تعلقات مزید مضبوط ہوئے دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں گہرا تعاون ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں، پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات کی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔ افغانستا ن سے مختلف معاملات پر رابطے میں رہتے ہیں اور پاک افغان ملٹریز رابطے جاری ہیں۔ وزیر اعظم کے سعودی عرب اور ایران کے دورے کا مقصد دونوں ممالک میں جاری کشیدگی میں کمی لانا تھا دونوں ملکوں نے پاکستان کی مصالحت کی پیشکش کا مثبت جواب دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایران اورپی فائیو پلس طاقتوں کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور امریکہ کے قریبی تعلقات ہیں اور نواز شریف کے دورہ واشنگٹن میں ان میں مزید مضبوطی آئی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں فوکل پرسنز مقرر کرنے کیلئے دونوں ملکوں سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ، ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے پاکستان کو اسکے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ایک سوال پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے خطے میں امن اور استحکام کیلئے مشترکہ مقاصد ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات اور مختلف شعبوں میں طویل مدتی تعاون قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اتحادی سپورٹ فنڈ سمیت مختلف امور پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔ قاضی خلیل ا للہ نے کہا کہ شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر وزیرپٹرولیم کے دورہ روس کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ بریفنگ کے آغاز پر باچا خان یونیورسٹی کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :