منڈا ڈیم سے 800 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی ‘نوشہرہ اور چارسدہ مکمل طور پر سیلاب سے بچ جائیں گے، عابد شیر علی

جمعرات 21 جنوری 2016 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ منڈا ڈیم سے 800 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی ‘نوشہرہ اور چارسدہ مکمل طور پر سیلاب سے بچ جائیں گے، واسا حیدر آباد 104 ارب روپے کی نادہندہ ہے ‘ضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو غیر قانونی ذرائع سے بجلی کے کنکشن دینے کی بات درست نہیں ‘ سعودی عرب کی جانب سے حج کوٹہ میں اضافہ کے ساتھ ہی نئے ٹور آپریٹرز کو بھی شامل کیا جائیگا ۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں عابد شیر علی نے بتایا کہ منڈا ڈیم کی کیس سٹڈی پر کام جاری ہے اور رواں سال کے آخر تک اس منصوبے پر کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ داسو پن بجلی منصوبے کے لئے 80 کروڑ ڈالر اور ایک ارب 44 کروڑ روپے کے لئے بات چیت چل رہی ہے ، بین الاقوامی ترقیاتی ادارے (آئی ڈی اے) کے ساتھ مل کر 58 کروڑ 84 لاکھ ڈالر اور جزوی کریڈٹ گارنٹی 46 کروڑ ڈالر کریڈٹ کے طور پر منظور کئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کو غیر قانونی ذرائع سے بجلی کے کنکشن دینے کی بات درست نہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور پنجاب کے کئی اداروں کی بجلی واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کاٹی ہے ، ملک میں کہیں بھی شیڈول سے ہٹ کر لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی تاہم جن علاقوں میں لائن لاسز اور بجلی چوری ہے وہاں کیسے بجلی دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کرپشن پر حیسکو کے 45 ملازمین کو برطرف کیا گیا ۔ موجودہ حکومت شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے۔ ٹرانسفارمروں کی خریداری میں بے ضابطگیاں تھیں، موجودہ حکومت کی کوششوں سے ٹرانسفارمر کی قیمتیں 5 لاکھ سے کم کر کے اڑھائی لاکھ روپے تک لے آئے ہیں۔وزیرمملکت بلیغ الرحمان نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے بتایا کہ سرکاری حج کا پیکیج نجی حج پیکیج سے کم مالیت کا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کچھ آپریٹرز 8 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک چارجز لیتے ہیں، حجاج کی اپنی مرضی ہے کہ وہ نجی آپریٹر کا انتخاب کریں۔ اگر آپریٹر حجاج کو طے شدہ رہائش، کھانا پینا نہیں دیتے تو اس پر کارروائی کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال حج کے حوالے سے شکایات کم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حرم میں تعمیرات کی وجہ سے کوٹہ کم کیا گیا ہے، توقع تھی کہ اس سال زیادہ کوٹہ دیا جائے گا تاہم ابھی تک ایسا نہیں ہے۔

اگر کوٹہ بڑھا تو پھر نئے آپریٹرز کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2015ء میں حج و عمرہ آپریٹرز کے خلاف 172 شکایات موصول ہوئیں، چار کمپنیوں کے لائسنس معطل کئے گئے، حجاج کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور اس کے فیصلے کا انتظار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف 7 حج ٹور آپریٹرز ایسے ہیں جو 8 لاکھ روپے سے زائد میں حج کرانے پر رجسٹرڈ ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان ایسا ملک ہے جہاں پولیووائرس کے کیس سامنے آرہے ہیں ، حکومت اس کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور وزیراعظم کی سربراہی میں نیشنل ٹاسک فورس کی تشکیل ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :