متروکہ وقف املاک بورڈ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیا ں

چیئرمین کے من پسند لوگوں کو کروڑوں روپے مالیت کے جائیدادیں اونے پونے داموں الاٹ، ۔ قیمتی جائیدادوں کی لیز خفیہ ڈیل کے ذریعے آگے بڑھا دی گئی ۔ سالانہ رینٹ میں بھی جان بوجھ کر اضافہ نہ کیا گیا ،نیب اور ایف آئی اے نے تمام غیر قانونی کاموں کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا چند روز میں محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کرنے والا ہوں،چیئرمین صدیق الفاروق

جمعرات 21 جنوری 2016 17:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جنوری۔2016ء) متروکہ وقف املاک بورڈ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ قیمتی جائیدادوں کی لیز خفیہ ڈیل کے ذریعے آگے بڑھا دی گئی ۔ سالانہ رینٹ میں بھی جان بوجھ کر اضافہ نہیں کیا گیا ۔ چیئرمین کے من پسند لوگوں کو کروڑوں روپے مالیت کے جائیدادیں اونے پونے داموں الاٹ کر دی گئیں ۔

نیب اور ایف آئی اے نے تمام غیر قانونی کاموں کا ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیب اور ایف آئی اے کا جائیدادوں سے متعلق تحقیقات کرنے والا ونگ اس وقت متروکہ وقف املاک کی اونے پونے داموں الاٹ کی گئی قیمتی جائیدادوں پر انتہائی باریکی سے تحقیقات کر رہا ہے ۔ ایک ذمہ دار اہلکار نے آن لائن کو بتایا ہے کہ موجودہ چیئرمین صدیق الفاروق کے مبینہ احکامات پر زیادہ تر قیمتی جائیدادوں کی لیز خفیہ سودوں کے ذریعے آگے بڑھا دی گئی ہے اور اس سال متروکہ وقف املاک کی ملکیت قیمتی رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کے کرائے بھی دانستہ نہیں بڑھائے اور پرانے کرایوں پر ہی اکتفا کیا گیا حالانکہ کرائے بڑھانے سے متروکہ وقف املاک کو سالانہ کروڑوں روپے کا فائدہ ہو سکتا تھا علاوہ ازیں حال ہی میں راولپنڈی ڈویژن اور لاہور ڈویژن کے علاوہ کئی بڑے شہروں میں چیئرمین کے احکامات پر قیمتی جائیدادیں کوڑیوں کے بھاؤ من پسند افراد کو الاٹ کر دی گئی ہیں اسی طرح متروکہ وقف املاک میں نئی تقرریاں بھی پیسے لے کر جا رہی ہیں اس حوالے سے متروکہ وقف املاک کے ایک عہدیدار نے آن لائن کو رابطہ کرنے پر بتایا کہ متروکہ وقف املاک کے معاملات کسی سے بھی ڈھکے چھپے نہیں ہیں جو ماضی میں جو ہوتا رہا ہے وہ اب بھی ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ہمیں جو احکامات چیئرمین آفس سے ملتے ہیں ہم اس پر عمل کر دیتے ہیں ۔ معتبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے اور نیب کے تفتیشی افسران سابق چیئرمین آصف ہاشمی کے دور کے معاملات کاور موجودہ دور کے تمام امور کی تحقیقاتی رپورٹس تیار کر رہے ہیں اور جلد ہی محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کے گرد قانونی شکنجہ کس دیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہین کنسٹرکشن کمپنی عمار انٹرپرائزز کو دیئے گئے ٹھیکوں کا ریکارڈ بھی نیب اور ایف آئی اے والے لے جا چکے ہیں ۔

واضح رہے کہ شاہین کنسٹرکشن کمپنی اور عمار انٹرپرائزز کے حوالے سے چیئرمین صدیق الفاروق پر الزام ہے انہیں اختیارات سے تجاوز کر کے ٹھیکے دیئے گئے ہیں اور پرانی کمپنیوں کو کسی جواز کے بغیر بے دخل کر دیا گیا۔ آن لائن کے رابطہ کرنے پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا کہ میری پالیسی ہے کہ کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور چند روز میں محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کرنے والا ہوں اور احتساب ہوتا ہوا سب کو نظر آئے گا

متعلقہ عنوان :