پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا منصوبہ لانچ کر دیا

جمعرات 21 جنوری 2016 18:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء ) حکومت پنجا ب کے احکامات کی روشنی میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بھٹہ مزدورں کے بچوں کی پارٹنر سکولوں کے ذریعے میٹرک تک مفت تعلیم کا منظم پروگرام لانچ کر دیا ہے۔ پنجاب کے 36 اضلاع میں شروع کئے جانے والے اس مفیدپروگرام کا مقصد بھٹہ مزدورں کے بچوں کو تعلیم کے ذریعے بحال کرنا ہے تاکہ وہ پڑھ لکھ کر اپنے شاندار مستقبل کی تعمیر کر سکیں۔

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق سکول پارٹنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی شناخت کرکے ان کے کوائف پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو بھجوائیں تاکہ ایسے بچوں کی مفت تعلیم کا بندوبست کیا جاسکے۔اس مقصد کے لئے پروفارما ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سکول پارٹنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ پروفارما پرکے [email protected] پر ای میل کریں۔

بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے بھجوائے گئے ڈیٹاکی متعلقہ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر یا ڈسٹرکٹ آفیسر (لیبر) کی ذریعے تصدیق کروائی جائے گی تاکہ اس منصوبے کی شفافیت برقرار رہے۔ ترجمان کے مطابق لاہور ،قصور،منڈی بہاؤ الدین،لیہ ،بہاولنگر،خوشاب،حافظ آباد،خانیوال اور وہاڑی میں بھٹہ مزدورں کے بچوں کی تعداد زیادہ ہونے کی بنا پر ان اضلاع کے کوائف 24 گھنٹے میں بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت پارٹنر سکولوں میں داخل کئے جانے والے ان بچوں کو سکول یونیفارم،جوتے،سکول بیگ،کتابیں وکاپیاں اورسٹیشنری آئٹمزبھی مہیا کئے جائیں گے تاکہ والدین پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔اسی طرح بھٹہ مزدوروں کے بچوں کوپنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ایجوکیشن وؤچر سکیم کے تحت نجی سکولوں میں بھی حصول تعلیم کے مواقع فراہم کئے جائیں گے جہاں پر ان بچوں کو حکومتی پالیسی کے تحت مفت تعلیم سمیت تمام ضروری سہولیات مہیا ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :