باچاخان یونیوسٹی پر حملہ ‘اسلامی تحریک طلبہ نے ملک بھر میں یوم سوگ منایا ،مجرموں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ

غلام عباس صدیقی،شاہد نذیر ودیگر کا یوم سوگ پر تقاریب سے خطاب

جمعرات 21 جنوری 2016 19:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) باچا خان یونیورسٹی پر حملہ علم پر حملہ ہے،دہشت گردوں کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا اس کاروائی میں یہودوہنوداور انڈیا کو کسی قیمت پر کلین چٹ نہیں دی جا سکتی شہدائے چارسدہ یونیورسٹی کی عظمت کو سلام کرتے ہیں۔ اسلامی تحریک طلبہ پاکستان نے باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے نتیجے میں شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تعلیمی اداروں میں دعائیہ تقاریب کا اہتما م کیااوریوم سوگ منایا ،شہید طلبہ کی جرأت وبہادری کو سلام پیش کیا گیا اس موقع پر تحریک چیئرمین غلام عباس صدیقی نے کہا کہ شہداء کو خون رائیگاں نہیں جائے گا ،یہ حملہ علم پر حملہ ہے بزدلانہ حملے پاکستانی بہادر طلبہ کو فروغ علم سے دور نہیں رکھ سکتے ۔

حملہ کرنے والے انسانیت اور علم کے دشمن ہیں حملہ اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے ، صدر شاہد نذیر نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کا تحفظ کرنے میں ناکام ہوگئی ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدام کئے جائیں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں ، جنرل سیکرٹری ذکی الدین نے کہا کہ دشمن کو شکست دینے کیلئے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے قرآن وسنت کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

حالیہ بدامنی اسلام سے دوری کا نتیجہ ہے ۔قوم فروغ علم اور تعلیمی اداروں کے تحفظ کیلئے رضاکارانہ کردار ادا کرے ، محمد عدنان نے کہا کہ دشمن کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستانی قوم شہادتوں سے گھبرانے والی نہیں ،شہادت مومن کی زندگی کا مقصد ہوا کرتا ہے ۔علاوہ ازیں اسلامی تحریک طلبہ کے زیراہتمام اسلام آباد،کراچی،ہری پور،لیہ،گجرانوالہ،شیخوپورہ،نارووال،لاہور،اوکاڑہ،گجرات،کشمیر دیگر شہروں میں دعاؤں کا اہتمام کیا گیا مقررین نے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے قوم کو مزید اتحاد واتفاق کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔تعلیمی اداروں کے تحفظ کیلئے طلبہ تنظیمیں رضاکارانہ کردار ادا کریں گی۔

متعلقہ عنوان :