ا سلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کو سات ارب لاگت سے جدید سہولیات فراہم کررہے ہیں،طارق فضل چوہدری

دوسرے اور تیسرے مرحلے میں چار سو تعلیمی اداروں کی ضروریات پوری کی جائینگی،وزیر مملکت کیڈ کا سینٹ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے اظہار خیال

جمعرات 21 جنوری 2016 21:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کو سات ارب روپے کی لاگت سے جدید سہولیات فراہم کررہے ہیں پہلے مرحلے میں بائیس سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن سمیت آئی ٹی پیز کھیلوں کے میدان اور دیگر سہولیات فراہم کی جائینگی جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلے میں چار سو تعلیمی اداروں کی ضروریات پوری کی جائینگی ایوان بالا میں سینیٹر سجاد حسین طوری ، سینیٹر چوہدری تنویر خان اور سینیٹر حمد اللہ کی جانب سے کئے جانے والے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت کیڈ نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اسلام آباد کے چار سو بائیس تعلیمی اداروں جن میں سکول اور کالج شامل ہیں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وزیراعظم نواز شریف تعلیمی پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں بائیس سکولوں پر سات ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں اس رقم سے سکولوں کی اپ گریڈیشن کمپیوٹر لیپس پلے گراؤنڈز اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کا کام اگلے ایک ہفتے تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں دو سو سکولوں کی ضروریات پوری کی جائینگی اور اگلے مالی سمال کے دوران تیسرے مرحلے میں دو سو سکولوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر ضروریات کوپورا کیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں میٹرک تک مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے اور موجودہ سہولیات کی وجہ سے بڑے بڑے پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے طلباء سرکاری سکولوں کی جانب آرہے ہیں انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے دو سو بسیں بھی خریدی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں متعلق کمپنیوں کے ساتھ گفت و شنید جاری ہے اور اگلے چھ ماہ میں یہ بسیں اسلام آباد پہنچ جائینگی