اے این ایف نے 6ملک گیر کاروائیوں میں 143 کلوگرام منشیات برآمدکر لی

ایک غیر ملکی خاتون سمیت 8ملزمان گرفتار 3گاڑیاں ضبط

جمعرات 21 جنوری 2016 21:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) اے این ایف نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران اٹک ، لاہور ،سیالکوٹ، پشاور اور کراچی کے علاقوں میں 6کاروائیاں کرتے ہوئے 143کلوگرام منشیات برآمد کر لی جس میں 53کلوگرام ہیروئن، 129کلوگرام چرس اور 36کلوگرام افیون شامل ہیں۔ ان کاروائیوں کے دوران اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ایک غیر ملکی خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 3گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔

برآمد شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں قیمت 51کروڑ 40لاکھ روپے بنتی ہے۔تفصیلات کے مطابق، اے این ایف راولپنڈی نے جی ٹی روڈ،اٹک شہرکے قریب اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک ہنڈا سوک کار نمبر LRL-7799 کوقبضے میں لے کر اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 36کلوگرام چرس اور 36کلوگرام افیون برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

گاڑی میں موجود حاجی گُل سید خان نامی پشاور کے رہائشی ملزم کو بھی حراست میں لیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ منشیات راولپنڈی لائی جا رہی تھی۔اے این ایف لاہور ائیرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے دو مسافر وں سید عزیز شاہ اور ایک سری لنکن خاتون سنیتا نرمیلا کو گرفتار کر کے ان کے سامان میں چھپائی گئی 5کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ملزمان اومان ئیرلائن کی فلائیٹ نمبر WY-344 سے کویت روانہ ہو رہے تھے۔

اس کے علاوہ ،اے این ایف لاہور نے سیالکوٹ شہر میں ایک مقامی کورئیر سروس کمپنی کے دفتر سے برطانیہ بھیجا جانے والا ایک پارسل حراست میں لے کر اس میں موجود گارمنٹس میں چھپائی گئی 450 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔اے این ایف پشاور نے اطلاعات پر مبنی ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے گُڈز اڈہ ، جی ٹی روڈ ، پشاور کے قریب ایک کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ایک ٹویوٹا ایکس ایل آئی کار کو قبضے میں لیا اور اس کی پٹرول ٹینکی میں چھپائی گئی 46.6 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔

گاڑی میں موجود گُل مت شاہ نامی ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں دوسرے ملزم محمد شاہدکو بھی قریبی علاقے سے گرفتار کر لیاگیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ، منشیات پنجاب اسمگل کی جا رہی تھی۔اے این ایف کراچی نے شمامہ شاپنگ مال، نیو کراچی سے ایک سوزوکی آلٹو کار نمبر AWP-529 کو قبضے میں لے کر اس کی سیٹوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 17کلوگرام چرس برآمد کر لی۔

دو ملزمان ،جن کی شناخت سرفراز حسین اور آغا محمد سکنہ کراچی کے ناموں سے ہوئی ،کو موقع سے گرفتار کر لیاگیا۔ ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے ذاتی قبضے سے 900گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ دوسری کاروائی میں،اے این ایف کراچی نے لانڈھی کراچی کے علاقے شیر پاؤ کالونی سے محمد اشرف نامی مقامی منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1.22کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں ،مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :