عمران فاروق قتل کیس کے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں14 روز کی توسیع ،عدالت کا چار فروری کو دوبارہ پیشی کا حکم

جمعرات 21 جنوری 2016 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس ذیدی نے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم)کے رہنماء ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے الزام میں گرفتار دو ملزمان خالد شمیم اور محسن علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مذید 14 روز ہ توسیع کرتے ہوئے چار فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔

عدالت نے ملزمان کے اہل خانہ سے ملاقات کی درخواست پر بھی سپر ٹینڈینٹ اڈیالہ جیل سے پیر تک روپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔عدالت نے ملزمان اور اہلخانہ کی احاطہ عدالت میں ملاقات کی بھی اجازت دی ہے۔جمعرات کو ملزمان شمیم اختر اور محسن علی کا جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ایف آئی اے نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا تو ایف آئی اے کے پراسیکوٹر شہزاد ظفر نے ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مذید توسیع کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کے 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے ملزمان کو چار فروری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ملزمان کے اہلخانہ نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ جیل انتظامیہ ملزمان سے نہ تو اہلخانہ کی ملاقات کروا رہی ہے اور نہ ملزمان کو سامان فراہم کرنے کی اجازت دے رہی ہے جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ کو پیر تک جواب داخل کرانے کی ہدایت کی ۔ملزم خالد شمیم کی بیوی وینا خالد شمیم نے عدالت میں درخواست دی کہ ملزمان کی اہلخانہ سے عدالت میں ملاقات کرائی جائے جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کی اور اہلخانہ کی عدالت میں ملاقاتکرائی ۔

متعلقہ عنوان :