ایک ہزار رنز بنانے والے بھارتی پلیئر کی اننگز کا اصلیت سامنے آنے لگی

جمعہ 22 جنوری 2016 11:17

ایک ہزار رنز بنانے والے بھارتی پلیئر کی اننگز کا اصلیت سامنے آنے لگی

ممبئی (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار22جنوری- 2016ء) بھارت کے 15 سالہ کرکٹر پرانیو دھنوادے کی جانب سے ایک اننگز میں 1000 رنزکا پردہ چاک ہونے لگا . بھارتی میڈیا کے مطابق پرانیو دھنوادے کو اپنی ریکارڈ ساز اننگز کے دوران 25 چانس ملے جس میں 22 ڈراپ کیچز اور تین سٹمپنگ شامل ہیں ۔ اس میچ میں ان کے مخالف سکول کی جانب 10 برس کے ’پیسرز‘ سے بولنگ کرائی گئی جبکہ باؤنڈریز صرف 30 گز کی تھیں ۔

(جاری ہے)

دلچسپ بات یہ ہے کہ دھنوادے کو بولنگ کرنے والے ایوش ڈوبے اور سراتھ سولنکھے دونوں انڈر 12 کھلاڑی اور پانچویں کلاس میں پڑھتے ہیں، انھوں نے اس سے پہلے ایک میچ میں نہ کبھی 9 سے زائد اوورز کرائے ، کبھی 15 گز سے بڑی پچ پر نہیں کھیلے اور نہ ہی انکے ہاتھوں نے فل سائز کی گیند تھامی تھی ۔ یہ دونوں آریا گروکل کی فرسٹ ٹیم میں شامل بھی نہیں تھے اسکے باوجود ان دونوں نے 20 سے زائد اوورز کیے ، گراؤنڈ کی باؤنڈریز صرف 30 گز کی تھیں جس سے دھنوادے کو چوکے چھکے لگانے کا خوب موقع ملا ۔

یاد رہے کہ پرانیو دھنوادے نے گذشتہ دنوں ممبئی کے ایک سکول ٹورنامنٹ میں ناٹ آؤٹ 1009 رنز بنائے تھے جو کرکٹ میں کسی بھی لیول پر سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے ، اب بھارتی میڈیا نے خود ہی اس کا پوسٹ مارٹم کرنا شروع کردیا ۔

ایک ہزار رنز بنانے والے بھارتی پلیئر کی اننگز کا اصلیت سامنے آنے لگی