امریکیوں نے روس کا پرچم الٹا کردیا‘روسی وفد کا اظہار افسوس

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 22 جنوری 2016 11:22

امریکیوں نے روس کا پرچم الٹا کردیا‘روسی وفد کا اظہار افسوس

زیورخ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 22 جنوری۔2015ء) سوئٹرزلینڈ کے سیاحتی شہر زیورخ میں حال ہی میں شام کے بحران کے حوالے سے امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات کے موقع پرامریکی عہدیداروں سے ایک ایسی غلطی سرزد ہوئی جو عالمی میڈیا میں مذاکرات سے زیادہ زیربحث لائی جا رہی ہے۔زیورخ میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے روسی ہم منصب سیرگی لافروف کے درمیان اہم میٹنگ ہونا تھی۔

تاہم اس موقع پر امریکی عہدیداروں کی غلطی کے نتیجے میں روس کا قومی پرچم الٹا لہرا دیا گیا۔ تقریب میں رْوسی پرچم کا نچلا حصہ اوپر اور اوپر کاحصہ نیچے کر دیا گیا۔ پرچم کا سرخ رنگ کا حصہ اوپر اور سفید رنگ نیچے کر دیا گیا۔دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے مذاکرات کی تیاری کے لیے امریکیوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں مگر کسی امریکی عہدیدار کی توجہ الٹے لہرائے گئے روسی پرچم کی جانب نہیں گئی تا آنکہ ایک روسی فوٹو گرافر نے امریکیوں کی فاش غلطی کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وفد کو جب اپنے پرچم کے الٹے لہرائے جانے کا علم ہوا تو وہ اس پر بہت افسردہ ہوئے۔روسی پرچم کے الٹا لہرائے جانے کی ویڈیو اور تصاویر انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ ”یوٹیوب“ پر پوسٹ کی گئی ایک فوٹیج میں ایک صحافی کو جان کیری کے معاون خصوصی برائے پبلک افیئرز گلین جونسن سے استفسار کرتے دکھایا گیا ہے۔

مسٹر جونسن حیرت سے صحافی سے پوچھتے کہ کیا واقعی ہم نے روس کا پرچم الٹا لہرا دیا۔ اس پر روسی صحافی نے کہا کہ ’ہاں میں مذاق نہیں کر رہاروسی پرچم کو واقعی میں الٹا لہرایا گیا ہے۔اس پر گلین جونسن پھرتی نے مظاہرہ کرتے ہوئے روسی پرچم کو دوبارہ سے درست کر کے لہرایا۔ جونسن نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پرچم غلط لہرائے کے وہ خود اور ان کی ٹیم قصور وار ہیں۔ سوشل میڈیا پراس واقعے کو بڑے پیمانے پر کوریج دی گئی جہاں امریکیوں کی ’ماہرانہ غلطی‘ پر انہیں خوب داد بھی مل رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :