اداکار فرحان اختر اور ان کی اہلیہ کی 16سالہ رفاقت بعد علیحدگی

اداکاری کے میدان میں کامیاب ہونے والے فرحان اختر ازدواجی زندگی میں ناکام ثابت ہوگئے

جمعہ 22 جنوری 2016 11:51

اداکار فرحان اختر اور ان کی اہلیہ کی 16سالہ رفاقت بعد علیحدگی

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار اور اداکار فرحان اختر اور ان کی اہلیہ ادھوناکی 16سالہ رفاقت کے بعد علیحدگی ہوگئی۔بالی ووڈ اداکار فرحان اختر نے فلمی دنیا میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر قدم رکھا جس کے بعد انہوں نے 2001 میں ریلیز ہونے والی فلم ”دل چاہتا ہے“ سے ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھا۔

(جاری ہے)

فرحان اختر نے کئی بلاک بسٹر فلمیں دیں یہی نہیں انہوں نے اسکرپٹ رائٹنگ، گلوکاری اور اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تاہم اداکاری کے میدان میں کامیاب ہونے والے فرحان اختر ازدواجی زندگی میں ناکام ثابت ہوگئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فرحان اختر نے اپنی قریبی دوست ادھونا سے 2000 میں شادی کی تھی تاہم دونوں کے درمیان 16 سالہ رفاقت کے بعد باقاعدہ علیحدگی ہوگئی ہے جب کہ اداکار کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ فرحان اختر اور ادھونا نے باہمی رضامندی کے ساتھ علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکار فرحان اختر نے کئی بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جس میں ”روک ون“،”زندگی نہ ملے گی دوبارہ“اور ”بھاگ ملکھا بھاگ“ شامل ہیں۔