تیسرا ٹی ٹونٹی :باؤلرز کے بعد بلے بازوں کا بھی ناقص کھیل،سیریز نیوزی لینڈ کے نام

جمعہ 22 جنوری 2016 14:04

تیسرا ٹی ٹونٹی :باؤلرز کے بعد بلے بازوں کا بھی ناقص کھیل،سیریز نیوزی ..

ویلنگٹن(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار22جنوری- 2016ء) 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 95رنز سے شکست دے کر تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 2-1سے اپنے نام کر لی ہے ۔ ویسٹپاک سٹیڈیم ، ویلنگٹن میں جاری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت پر نیوزی لینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ کیوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو ایک بار پھرمحض 6اوورز میں 57رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا ،اس موقع پر مارٹن گپٹل 42رنز کی اننگز کھیل کر شاہد آفرید ی کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔

کیوی کپتان کین ولیمسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹکے اور33رنز کی اننگز کھیل کر وہاب ریاض کا شکار بن گئے ۔ کولن منرو 4رنز بنا کر محمد رضوان کی پھرتیلی فیلڈنگ کے باعث رن آؤٹ ہوئے، روس ٹیلر 6رنز بنا کر زخمی ہونے کے باعث ریٹائر ہرٹ ہوکر میدان سے واپس چلے گئے جس کے بعد گرانٹ ایلیٹ اور کورے اینڈرسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 80رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران اینڈرسن نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئرکی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی ۔

(جاری ہے)

174کے مجموعی سکور پر ایلیٹ 19رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ،لیوک رونچی نے بھی زیاد ہ دیر کریز پر نہ گزاری اور 1رن بنا کر وہاب ریاض کو وکٹ تھما دی ۔ کورے ایڈرسن نے اپنے لاٹھی چارج کے ذریعے نیوزی لینڈ کا سکور مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 196رنز تک پہنچا دیا ، اینڈرسن42گیندوں پر 82رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 2اور شاہد آفریدی نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے بلے بازوں نے انتہائی غیر ذمہ درانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور وکٹ کیپر سرفراز احمد (41) اور شعیب ملک (14)کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا ۔ محمد حفیظ 2،احمد شہزاد 8، محمد رضوان 4،عمر اکمل 5، شاہد آفریدی 8،عماد وسیم 0،انور علی 8اور وہاب ریاض 4رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ محمد عامر 1رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم 16.1اوورز میں 101رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی ۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ملنے اور ایلیٹ نے 3،3جبکہ کورے اینڈرسن نے 2اور بولٹ نے 1شکار کیا ۔ کورے اینڈرسن کو شاندار آل راؤنڈ کاکردگی کامظاہرہ کر نے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے مکمل سکور کارڈ کے لیے یہاں پر کلک کریں ‎