سندھ میں گورنرراج لگانے کیلئے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر

جمعہ 22 جنوری 2016 14:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جنوری۔2016ء) سندھ میں گورنرراج لگانے کیلئے آئینی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی ہے محمود اختر نقوی نے جمعہ کو حکومت سندھ ، وزیراعلیٰ سندھ ، وزیر داخلہ ، وزیر اطلاعات ، ڈاکٹر عاصم ، مولا بخش چانڈیو ، نثار کھوڑو ، سندھ پولیس سمیت سولہ اداروں اور شخصیات کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ حکومت ایک شخص کو بچانے کیلئے آئے روز عجیب طرز کی قانون سازیوں میں مصروف ہے وفاق اور سندھ میں رینجرز کے اختیارات پر ٹکراؤ ملک میں سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ کررہا ہے چیف جسٹس انور ظہیرجمالی خود کہہ چکے ہیں کہ کوئی ادار اختیارات سے تجاوز کرے تو عدلیہ کی مداخلت ناگزیر ہوجاتی ہے صوبوں کے مابین تنازعات کا فیصلہ بھی سپریم کورٹ کرسکتی ہے اس لئے اس معاملے پر بھی احکامات جاری کئے جائیں اور سندھ میں گورنر راج قائم کیا جائے تاکہ دہشتگردوں کیخلاف رینجرز بھرپور طریقے سے کارروائی کرسکیں