وزارت منصوبہ بندی نے اصلاحاتی ایجنڈے کو حتمی شکل دیدی، اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی ، اصلاحاتی ایجنڈا وژن 2025ء کا حصہ ہے

جمعہ 22 جنوری 2016 14:30

اسلام آباد ۔ 22 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جنوری۔2016ء) وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات نے حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کو حتمی شکل دی ہے جس کے نتیجے میں اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی جبکہ بہتر اسلوب حکمرانی بھی یقینی ہوگی، اصلاحاتی ایجنڈا وژن 2025ء کا حصہ ہے ۔ جمعہ کو وزارت کے ذرائع نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لئے وزارت نے مختلف مشاورتی اجلاس کئے جبکہ اس حوالے سے سالانہ فورم بھی منعقد کئے گئے جس کا مقصد اصلاحاتی ایجنڈے کو مشاورت سے حتمی شکل دینا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں حکمرانی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اصلاحاتی ایجنڈا شروع کیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ فورمز میں ملک میں اصلاحاتی عمل پر غور و خوض کرتے ہوئے سفارشات اور تجاویز مرتب کی گئیں اور اس مقصد کے لئے مختلف ورکنگ گروپس بنائے گئے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اصلاحاتی ایجنڈے کو من و عن ملک میں نافذ کیا جائے گا تاکہ اس کے ثمرات جلدی عوام کو مل سکیں اور سرکاری شعبے کی کارکردگی بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ بہتر طور پر عوام کو خدمات فراہم کر سکیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پبلک سیکٹر کی صلاحیتیں بڑھانے کے لئے 1990ء کی دہائی میں جو اقدامات کئے گئے بعد میں مارشل لاء کے دور میں ان کو عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا، موجودہ حکومت نے ایک مرتبہ پھر اس حوالے سے اقدامات شروع کئے ہیں۔ ای گورننس اور ای آفس قائم کرنے کے ذریعے پبلک سیکٹر کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں جس کے لئے ایک ارب روپے کا فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنڈ ملک کے تمام اداروں کے لئے ہے اور اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔