کرپشن کا زہر ہر شعبہ زندگی میں سرایت کر چکا ہے ‘ ذکر اﷲ مجاہد

بے روز گاری نے نوجوان نسل کو ڈاکو اورلٹیرابنا دیا ہے‘ امیرجماعت اسلامی لاہور

جمعہ 22 جنوری 2016 17:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراﷲ مجاہد نے کہا کہ کرپشن کا زہر ہر شعبہ زندگی میں سرایت کر چکا ہے، کرپٹ اور بدعنوان قوتوں سے چھٹکا رے کے لیے عوام کو اُٹھنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام سٹوڈنٹ ایجوکیشن نمائش دورہ کے موقع پر صحافی حضرات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے یوتھ کے لیے انتہائی اہم اور بامقصد سرگرمی کا انعقاد کر کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو مثبت پیغام دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے شمار اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لیے ملازمتوں کے لیے در در کے دھکے کھا رہے ہیں اور بے روزگاری نے نوجوان نسل کو ڈاکو اورلٹیرا بنادیا ہے ،کرب اور مایوسی کو نوجوان نسل کا مقدر بنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان نا انصافیوں سے مجبور ہوکر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب آئے روز طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کے لیے کروڑوں روپے کے اعلانات اور ان پر عمل درآمد کے اشتہارات تو اخبارات میں دیتے ہیں لیکن کوئی ایسی پالیسی یا حکومت کی طرف سے اعلان نہیں کیا جا رہا جس میں بے روز گار نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کے حوالے سے کو ئی منصوبہ بنایا گیا ہو اور لوگوں کو نہ ہی ایسے منصوبے دیئے جارہے ہیں جس سے انھیں روز گار ملے اور وہ خود کو بھکاری سمجھنے کی بجائے اپنی کمائی کی رقم سے گھر کے اخراجات پورے کریں۔

انہوں نے کہاکہ عوام جب اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں وہ بنک بیلنس اور گاڑیاں نہیں مانگتے بلکہ مہنگائی سے چھٹکارا اور روز گار مانگتے ہیں اگر یہ بھی ان کو نہ مل سکے تو وہ اس ملک کو اپنے لیے آزاد اور خود مختار ملک کس طرح تصور کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :