دہشت گرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں ،وہ مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں ،ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ، اﷲ تعالیٰ ایسے ظالموں کو نیست و نابود کرے، پاکستان کی سالمیت اور استحکام کیلئے پوری قوم متحد ہے، ملک بھر اتحاد اور یک جہتی برقرار رکھی جائے

جے یو آئی ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں باچا خان یونیورسٹی سانحہ کے شہدا کے لئے قرآن خوانی کے بعد دعا

جمعہ 22 جنوری 2016 18:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) جمعیت علماء اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ دہشت گرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں جو مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ اﷲ تعالیٰ ایسے ظالموں کو نیست و نابود کرے، پاکستان کی سالمیت اور استحکام کیلئے پوری قوم متحد ہے اور ملک بھر اتحاد اور یک جہتی برقرار رکھی جائے انہوں نے یہ بات پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں کے لئے قرآن خوانی کے بعد دعا کراتے ہوئے کہی ۔

مولانا فضل الرحمان نے تقریبا15منٹ تک پاکستان کی سالمیت اور استحکام امت مسلمہ کے اتحاد اور ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے خصو صی دعا کرائی اس موقع پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ،وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی سمیت بڑی تعداد میں ارکان پارلیمنٹ اور اخبار نویس بھی موجود تھے جامع مسجد کے خطیب قاری احمد الرحمن نے شہدا چارسدہ کیلئے قرآن خوانی کرائی اور اس موقع پر مولانا فضل الرحمن سے خصوصی دعا کرائی ، مولانافضل الرحمن نے اپنی دعا میں سانحہ چارسدہ کے شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی اور دہشت گردوں کو نیست ونابود کرنے کے حوالے سے بھی دعا کرائی۔

(جاری ہے)

15منٹ کی دعا میں انہوں نے پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے ساتھ ساتھ معصوم لوگوں کے قتل عام پر انتہائی رنج وٖغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے اﷲ اگر ان ظالموں کی قسمت میں ہدایت نہیں ہے تو ان کو نیست ونابود کردے تاکہ پاکستان کے معصوم عوام جو ان دہشت گردوں کا نشانہ بنتے ہیں ان کو نجات مل جائے دعا میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اے اﷲ ہمیں اپنے پیارے نبی کی سنتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطاء فرما اور ظالموں کے ظلم اور شر سے تمام اہل پاکستان اور اہل اسلام کی حفاظت فرما