دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی‘ شہبازشریف

پاکستان کی دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دم لینگے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب کی والے اراکین اسمبلی سے گفتگو

جمعہ 22 جنوری 2016 18:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد اور پرعزم ہے،سیاسی ،مذہبی اورعسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحے پر ہے،اتحاد کی قوت اورباہمی مشاورت کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے اورپاکستان کی دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے دم لیں گے ،پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہدہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانیوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بہنے والا پاکستانیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا،شہدا کا خون رنگ لائے گا، پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے اسے امن وسلامتی کا گہوارہ بنائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے اور ان حالات میں غیر معمولی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے ۔قومی ایکشن پلان دہشت گردوں کے وجود کوہمیشہ ہمیشہ کیلئے مٹانے کا متفقہ فارمولا ہے اور اس پر عملدرآمد سے یقینا پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات ملے گی۔انہوں نے کہا کہدہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔آئندہ نسلوں کو محفوظ اور پرامن پاکستان دینے کاوعدہ ہر صورت پورا کریں گے۔ملاقات کرنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میں محمد افضل کھوکھر،ناصر بوسال، کرم الٰہی بندیال اور مہدی عباس خان شامل تھے۔ اس موقع پر ایم پی اے منشاء اﷲ بٹ بھی موجود تھے۔