لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا چائنہ پاک اکنامک کوریڈور (سی پیکCPEC)سے کوئی تعلق نہیں

چین اور پاکستان کے درمیان اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر الگ معاہدہ کیا گیا ہے ، ترجمان حکومت پنجاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 22 جنوری 2016 19:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جنوری۔2016ء) حکومت ِ پنجاب کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا چائنہ پاک اکنامک کوریڈور (سی پیکCPEC)سے کوئی تعلق نہیں ۔ گزشتہ روز ہائی کورٹ میں زیر ِ سماعت مقدمے کے دوران سرکاری وکیل خواجہ حارث سے منسوب کئے جانے والے ریمارکس کافاضل وکیل سے کوئی تعلق نہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ہے کہ عدالت میں سرکاری وکیل نے یہ کہا تھا کہ جس طرح سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان انٹر گورنمنٹل فریم ورک کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے اسی طرح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پردونوں ملکوں کے درمیان الگ معاہدہ کیا گیا ہے ۔

ان ریمارکس کا کسی طرح بھی یہ مطلب نہیں کہ اورنج ٹرین منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے ۔ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی انتھک ذاتی کوششوں کے نتیجے میں چین ساتھ اورنج لائن منصوبے کے لئے قرض کی فراہمی کا معاہد ہ طے پایا ہے - چین کی حکومت ایگزم بینک آف چائنہ کے ذریعے اس منصوبے کے لئے آسان شرائط پر قرض مہیا کر رہی ہے جو حکومت پنجاب اپنے وسائل سے ادا کرے گی -