پوٹھوہار ریجن میں د ھند کا راج،کاشتکار سبزیوں کو موسمی اثرات سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں:محکمہ زراعت پنجاب

ہفتہ 23 جنوری 2016 13:30

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق سخت سردی،دھند اور کورے سے موسم سرما کی کاشتہ سبزیاں متاثر ہوتی ہیں لہذا ان کو موسمی اثرات سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے ۔جب رات کو کورا سبزیوں کے پتوں پر پڑتا ہے تو ٹھنڈک کی وجہ سے پتوں کا پانی جمنے کے باعث پھیل جاتا ہے جس سے نئی کونپلیں اور پتے خشک ہوجاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

کورے کی راتوں میں کھیتوں کی ہلکی آبپاشی کریں کیونکہ اس عمل سے سبزیوں کو کورے کے اثر سے بچایا جاسکتا ہے۔ہوا توڑ باڑیں سبزیوں کو سرد ہواؤں سے بچاتی ہیں لہذا کورے کی راتوں میں ان کا استعمال کیا جائے ۔ کاشتکار سبزیوں کو سر د موسم میں پلاسٹک شیٹ لگا کر کورے اور دھند کے اثرات سے محفوظ بنائیں ۔دن کے وقت 11بجے تا3بجے شام تک پودوں کو دھوپ لگوانے کے لیے پلاسٹک شیٹ ہٹا دیں اور رات کے وقت دوبارہ ڈال دیں۔ رات 11بجے کے بعد سبزیوں کے کھیتوں میں پرانی پرالی یا کھوری کو آگ لگا کر دھواں کریں جس سے کورے کے اثرات کم کئے جاسکتے ہیں۔