سکیورٹی اور سیفٹی سب کا حق اور سب کا فرض ہے ‘ بریگیڈئیر(ر) امیر حمزہ

ہفتہ 23 جنوری 2016 14:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) ڈ ائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی اور سیفٹی سب کا حق اور سب کی ذمہ داری ہے اس لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل جل کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایمرجنسی سٹاف اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ڈزاسٹر ریسپانس کے آلات کی سکیورٹی کے لئے سنجیدہ ہیں اس لیے لاہور پولیس چیف سے التماس کی گئی ہے کہ وہ اس تربیتی ادارے کی حفاظت کے لئے انتظامات کریں۔

میٹنگ میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ، چوہنگ سرکل ، ایس ایچ او چوہنگ ، رجسٹرار ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر فرحان خالد، ہیڈ آف ٹریننگ ونگز میاں احسن اور ایڈمن آفیسر مدثر بخاری نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے کہا اگرچہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی حفاظت کے لئے اپنے تئیں بہتر سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں لیکن ملکی حالات کے مدِ نظر اس تربیتی ادارے کی سکیورٹی مزید بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ریسکیو سروس کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے بیک اپ سپورٹ کے طور پر کام کرتی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ نے لاہور پولیس چیف کیپٹن (ر)امین وینس سے درخواست کی ہے کہ مزید وقت ضائع کیے بنا اس حوالے سے اقدامات کریں اور اکیڈمی میں کیڈٹس ، ریسکیو افسران اور آفیشل کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثہ کی صورت میں نقصان کو کم سے کم کیا جاسکے۔