گلی کے بھوکے بچوں کو کھانا کھلانے والے شخص کو ایسا بل ملے گا، اُس نے خواب میں بھی نہ سوچا تھا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی ہفتہ 23 جنوری 2016 14:18

گلی کے بھوکے بچوں کو کھانا کھلانے والے شخص کو ایسا بل ملے گا، اُس نے ..

مالاپورم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جنوری2016ء) کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو اچھا کام کرنے کا صلہ اس طرح ملے گا ، اس نے سوچا بھی نہ تھا۔سارے دن کے کام کاج کے بعد وہ ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے آیا اور کھانے کا آرڈر دیا۔ جب اس کا کھانا آ گیا تو اس کی نظر کھڑکی کے شیشے سے باہر کھڑے لڑکے اور لڑکی پر پڑی، جو اسے اور ریسٹورنٹ کےد وسرے گاہکوں کو کھانا کھاتے دیکھ رہاتھا۔

اس شخص نے ہاتھ کے اشارے سے انہیں بلایا۔ لڑکا اپنی بہن کے ساتھ فوراً اندر آگیا۔ آدمی نے لڑکے سے پوچھا کہ کیا کھاؤ گے، لڑکے نے اس شخص کے سامنے پڑی پلیٹ کی طرف اشارہ کر دیا۔ آدمی نے ویٹر کو دو مزید پلیٹیں لانے کا کہا اور خود اُن کے ساتھ انتظار کرنے لگا۔انتظار کے دوران لڑکا بے انتہا خوش دکھائی دے رہا تھا۔

(جاری ہے)

اتنی دیر میں لڑکی نے لڑکے کو ہاتھ دھونے کا اشارہ کیا اور وہ دونوں ہاتھ دھو آئے۔

واپس آکر دونوں نے اس شخص کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا، کھانا کھانے کےبعد ہاتھ دھوئے اور چلے گئے۔ آدمی اور بچوں کے درمیان نہ ہی کوئی گفتگو ہوئی اور نہ ہی مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔ آدمی نے جب کھانا کھانے کے بعد بل منگوایا تو اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔ بل پر کوئی رقم درج نہیں تھی بلکہ ریسٹورنٹ انتظامیہ کی طرف سے ایک پیغام درج تھا۔ ہوٹل کی انتظامیہ نے لکھا کہ ہمارے پاس ایسی مشین نہیں جو انسانیت پر بل دے سکے، آپ کے ساتھ بھی بھلا ہو۔