کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، چیف کمشنر اسلام آباد

ہفتہ 23 جنوری 2016 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) تاجر برادری مقامی معیشت کو فرو غ دینے میں اہم کردار اد ا کر رہی ہے لہذا اسلام آباد کی انتظامیہ تاجربرادری کے تمام اہم مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھر پور کوشش کرے گی ان خیالات کااظہار اسلام آباد کے چیف کمشنر ذوالفقار حیدر نے اسلام آباد آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر عاطف اکرام کی قیادت میں ان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد، نائب صدر شیخ عبدالوحید، سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری اور ایگزیکٹو ممبر ناصرہ علی شامل تھے۔چیف کمیشنر نے کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مضبوط روابط قائم رکھے گی تاکہ کاروبار کی راہ میں حائل مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا متفقہ حل تلاش کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف ایٹ مرکز سے ضلعی عدالتوں کو دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں تا کہ تاجروں کو اس بنا پر جو مسائل درپیش ہیں ان کا خاتمہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی میں مناسب نمائندگی کیلئے چیمبر کے مطالبے پر پوری طرح غور کیا جائے گا اور اگر اس سلسلے میں کوئی قانونی پیچیدگیاں نہ ہوئیں تو چیمبر کو مذکورہ کمیٹی میں نمائندگی دی جائے گی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دیگر اجاگر کردہ مسائل کو بھی حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اس موقع پر تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل پر روشنی ڈالی جن کے حل کیلئے اسلام آباد کی انتظامیہ کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر براری کی مشاورت کے ساتھ مارکیٹ کمیٹی تشکیل دی جانی چائیے اور اس کمیٹی میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی مناسب نمائندگی دی جائے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سبزی منڈی کے مسائل فوری حل کئے جائیں اور اس فروٹ مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے تاجربرادری پر عائد ڈبل ٹیکس کے مسئلے پر سنجیدگی سے نظرثانی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کو چائیے کہ وہ مارکیٹ کمیٹی لائسنس کی فیس میں کمی کر کے تاجروں کو ریلیف فراہم کرے انہوں نے کہا سبزی منڈی میں ٹرکوں سے زیادہ فیس وصول کی جاتی ہے لہذا اس فیس پر بھی نظرثانی کی جائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر شیخ پرویز احمداور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے ایف ایٹ میں ضلعی عدالتیں قائم ہونے کی وجہ سے ایف ایٹ کے تاجروں کی کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے لہذا ضروری ہے کہ اس کاروباری مرکز سے عدالتوں کو فوری طور پر ان کیلئے مختص کردہ جگہ پر شفٹ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :