Live Updates

اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں کی مشقت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی ،قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا‘ شہباز شریف

بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے ہرطرح کے وسائل فراہم کریں گے، پنجاب حکومت کا تعلیمی پیکیج بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کی زندگی بدل دے گا‘ شہبازشریف

ہفتہ 23 جنوری 2016 19:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں پر بچوں کی مشقت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس ضمن میں قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا،چائلڈ لیبر کے خاتمے کے قانون کی خلاف ورزی پر نہ صرف بھٹہ سیل ہوگا بلکہ مالک بھی جیل جائے گا،بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے ہرطرح کے وسائل فراہم کریں گے اور پنجاب حکومت کا تعلیمی پیکیج بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کی زندگی بدل دے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبرکے خاتمے کیلئے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے چائلڈ لیبرکے خاتمے کے قانون پر عملدر آمد پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ،راجہ اشفاق سرور،چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل،آئی جی پولیس اور متعلقہ سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے موثر اور فعال انداز میں کام جاری رکھیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹوں پر بچوں سے مشقت لینا ظلم کے مترادف ہے جس کا مکمل خاتمہ کرنا ایک مشن ہے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنیوالے بچوں کو سکول جانے پروظیفہ، مفت یونیفارم،سٹیشنری اورکتابیں دینے کے پروگرام کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکول جانے والے بچوں کورواں برس تعلیمی سیشن کے آغاز پر ایک ہزارروپے ماہانہ وظیفہ ملے گا جبکہ بچوں کو یونیفارم،سٹیشنری، کتابیں اورجوتے بھی مفت دیئے جائیں گے اور اس کے ساتھ سکول بجھوانے پر بچوں کے والدین کو دوہزار روپے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے ہرطرح کے وسائل فراہم کریں گے۔ سیکرٹری محنت نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ،راجہ اشفاق سرور،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اورمتعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :