بلدیاتی الیکشن کا شیڈول آنے کے بعد کالا قانون دھاندلی ہے: شجاعت حسین، پرویزالٰہی

محلہ اور گاؤں کی سطح پر مسلم لیگ کی تنظیم نو کی جائے گی، نئے بلدیاتی آرڈیننس کیخلاف عدالت جا رہے ہیں، اجلاس سے خطاب

ہفتہ 23 جنوری 2016 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل باڈی کے حوالے سے ن لیگ جو کالا قانون لے کر آئی ہے یہ دھاندلی ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے اپنے ہی لوگوں پر اعتماد نہیں، شیڈول آنے کے بعد کوئی نیا قانون نہیں بنایا جا سکتا، سیکرٹ ووٹنگ ہوتی تو ن لیگ کو پتہ تھا کہ بہت سے اضلاع میں اپ سیٹ ہو سکتا ہے جن لوگوں نے ضمیر کے مطابق ووٹ دینا تھا انہیں روکنے کیلئے یہ قانون لایا گیا ہے۔

اجلاس میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے، سینیٹر کامل علی آغا، احمد یار ہراج، چودھری ظہیر الدین، محمد بشارت راجہ، مونس الٰہی، نعمان لنگڑیال، سعید احمد شیخ، انور بھنڈر، عامر سلطان چیمہ، ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی، میاں عمران مسعود، قمر حیات کاٹھیا، میاں منیر، میاں عبدالستار، خدیجہ فاروقی، آمنہ الفت، ماجدہ زیدی، کنول نسیم، محمد علی گجر، محمد عرفان اور تمام ضلعوں کے صدور اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے وکلاء مشترکہ طور پر پیر کے روز اس قانون کے خلاف عدالت میں پٹیشن دائر کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کو ری آرگنائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، محلہ اور گاؤں کی سطح پر پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم نو کی جائے گی، اس سلسلے میں ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ہر ضلع کا دورہ کر کے نئے عہدیداروں کا چناؤ کیا جائے گا اور گراس روٹ لیول تک پارٹی کو فعال بنایا جائے گا۔

ایک سوال پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نئے سیاسی اتحاد کے حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اگر بروقت عمل ہوتا تو نتائج اس سے کہیں بہتر ہو سکتے تھے، پنجاب کے ہسپتالوں اور سکولوں کا برا حال ہے جبکہ سارا بجٹ جنگلہ بس اور اورنج ٹرین پر خرچ کیا جا رہا ہے جو اصل میں ڈالر بناؤ منصوبہ ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمران مودی کے جادو میں گم ہیں جبکہ بھارتی وزیر دفاع نے کھلا چیلنج دیا ہے کہ ایک ماہ کے اندر پٹھان کوٹ حملے کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دورازے ہر کسی کیلئے کھلے ہیں واپس آنے والے اور نئے آنیوالوں کو ہار پہنائیں گے، ہماری پارٹی میں لوگ اب موٹروے کی سپیڈ سے واپس آئیں گے۔ اجلاس میں چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی میں شہید ہونیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہماری پارٹی پنجاب میں تیسرے نمبر پر ہے، ہمارا نظریہ قائداعظم کا نظریہ ہے جبکہ باقی جماعتوں کا نظریہ وہی ہے جو ان کے پارٹی قائد کا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ایران تنازعہ یکطرفہ طور پر حل نہ کیا جائے، افغانستان میں امن کی بحالی کے بغیر پاکستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔