آزاد فلسطین ریاست بارے چینی صدر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں،شاہد غوری

آزاد فلسطین ریاست کا مطالبہ چینی صدر کا حقیقت پسندانہ موقف ہے جس کی پوری دنیا کو تائید کرنی چاہئے

ہفتہ 23 جنوری 2016 21:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جنوری۔2016ء) سنی تحریک کے سنیئر مر کزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ آزاد فلسطین ریاست کے متعلق چینی صدر شی چن پنگ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ آزاد فلسطین ریاست کا مطالبہ چینی صدر کا حقیقت پسندانہ موقف ہے جس کی پوری دنیا کو تائید کرنی چاہئے۔اقوام متحدہ ،عرب لیگ اور او آئی سی نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا ۔

نہتے فلسطینیوں کو دنیا سے الگ نہیں کیا جا سکتا اور اسرائیل کو مسلمانوں کے قتل عام کی مزید اجازت نہیں دی جا سکتی۔دنیا بھر کے امن کے لئے ضروری ہے کہ جہاں بھی حق خود ارادیت کی تحریک چل رہی ہیں انہیں مکمل آزادی دی جائے۔اقوام متحدہ اپنے بنائے ہوئے منشور پر خود عمل درآمد کروانے میں ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

محمد شاہد غوری نے کہا کہ سعود ی حکمران اپنی باد شاہت کو بچانے کیلئے مسلم اتحادی فوج تیار کر سکتے ہیں تو فلسطین کی آزادی کیلئے اپنا کردار کیوں ادا نہیں کر رہے ؟اقوام متحدہ اگر مظلوم مسلمانوں کو ان کا حق نہیں دلوا سکتی تو اسے فوری طور پر ختم کر دینا چا ہئے ۔

مسلمہ امہ کی آپس میں لڑائیوں سے پیدا ہونے والے خلاء کا یہود و نصاریٰ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔عرب لیگ اور او آئی سی فلسطین میں اسرائیلیوں کے ہاتھوں بہنے والے مسلمانوں کے لہو کی اصل ذمہ داری ہیں ۔محمد شاہد غوری نے کہاکہ چینی صدر شی چن پنگ کو آزاد فلسطین ریاست کا موقف اقوام متحدہ کے فورم پر بھی لانا چا ہئے۔فلسطین کے مسلمانوں کو ان کا حق آزادی نہیں چھینا جا سکتا اور نہ ہی کسی کی آازدی کو سلب کیا جا سکتا ہے۔اقوام متحدہ یہود و نصاریٰ کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہے جبکہ مسلمانوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے

متعلقہ عنوان :