امریکی وزیر خارجہ کی شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات ٗ خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال

خطے میں استحکام اسی صورت میں آئے گا جب تہران اپنی جارحیت کو ترک کر دے گا ٗسعودی وزیر خارجہ

اتوار 24 جنوری 2016 14:21

امریکی وزیر خارجہ کی شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات ٗ خطے کی صورتحال ..

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جنوری۔2016ء) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ریاض میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔امریکی وزیر خارجہ ایک روزہ دورے پر سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے تھے جہاں انہوں نے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی سیاسی صورت حال اور باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

اس کے علاوہ جان کیری نے خلیج تعاون کونسل کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے شام میں قیام امن سے متعلق جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بات چیت کی ۔اس سے قبل جان کیری نے سعودی ہم منصب عادل الجبیر سے ملاقات کی ، ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہاکہ امریکہ نے حزب اﷲ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے کر بلیک لسٹ کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

جان کیری نے لبنانی شیعہ تحریک حزب اﷲ کو ایران کی جانب سے فوجی امداد پر تشویش کا اظہار کیا ۔جان کیری نے کہا کہ امریکہ خطے میں ایران کی سرگرمیوں کو مشکوک نظروں سے دیکھ رہا ہے۔ حزب اﷲ کے اکثر ہتھیار ایران سے دمشق کے راستے آئے ہیں اور حزب اﷲ کے پاس تقریباً 80 ہزار راکٹ ہیں۔ جان کیری نے باور کرایا کہ یمن میں حوثی بغاوت کا مقابلہ کرنے میں واشنگٹن حکومت سعودی عرب کیساتھ کھڑی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ بشارالاسد وہ مقناطیس ہیں جو دہشت گردی کو کھینچ کر شام میں لائے۔ جان کیری نے شام میں امن کے قیام کیلئے جنیوا میں ہونیوالے امن مذاکرات کے بارے میں کہا کہ سعودی عرب میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سے بات کرنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ یہ مذاکرات ضرور ہوں گے۔اس موقع پر عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ خلیجی ریاستیں خطے میں ایرانی مداخلتوں کا مقابلہ کرنے کیلیے امریکہ کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہیں۔ خطے میں استحکام اسی صورت میں آئے گا جب تہران اپنی جارحیت کو ترک کر دے گا۔ عادل الجبیر نے کہاکہ ایران دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے۔ میرے خیال میں امریکہ ایران کی شاطر اور مذموم حرکات سے باخبر ہے۔

متعلقہ عنوان :