منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ سردی میں زیر جامہ پہنے مالک نے اپنی گاڑی کو چوری ہونے سے بچا لیا مگر۔۔

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 24 جنوری 2016 14:38

منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ سردی  میں زیر جامہ پہنے مالک نے اپنی گاڑی کو چوری ..

ناروے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جنوری۔2016ء)جنوبی ناروے میں منفی 17 ڈگری سینٹی گریڈ میں باکسر شارٹس پہنے ایک شخص نے اپنی گاڑی کی چھت سے چمٹ کر اسے چوری ہونے سے بچا لیا۔ پولیس کے مطابق مالک نے گاڑی کو تو بچا لیا مگر گاڑی کے حفاظتی رکاؤٹوں سے ٹکرانے کے باعث گر کر کافی زخمی ہوگیا۔پولیس نے مشکوک چور کو گرفتار کر لیا ہے۔ کرسٹیانسانڈ سے تعلق رکھنے والاگاڑی کا25سالہ مالک صبح کو جاگا تو اس نے اپنی گاڑی کے سٹارٹ ہونے کی آواز سنی، جسے سن کر وہ باہر بھاگا اور گاڑی کا گیٹ پکڑ کر چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

چور نے گاڑی کو برف پر چلا کر مالک سے جان چھڑانے کی کوشش کی مگر مالک گاڑی کی چھت پر چڑھ کر چھت سےچمٹ گیا۔ مقامی پولیس چیف جان نیسلینڈ نے ناروے کے ٹی وی 2 نیوز کو بتایا کہ گاڑی کا مالک کئی کلومیٹر تک گاڑی کے اوپر موجود رہا۔

(جاری ہے)

پولیس چیف کے مطابق یہ منظر ہالی وڈ کی کسی فلم کی طرح تھا۔ پولیس کے مطابق چور 90کلومیٹر (56 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سےگاڑی چلا رہا تھا لیکن گاڑی کے مالک نے اپنی کہنی سے گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ دیا۔ گاڑی کے دوڑتے ہوئے گاڑی کا مالک چور سے لڑتا رہا مگر جلد ہی گاڑی حفاظتی رکاؤٹوں سے ٹکرائی تو وہ نیچے جاگرا۔ پولیس چیف کا کہنا تھا کہ صفر سے کم درجہ حرارت میں زیرجامہ پہنے تیزرفتار گاڑی کی چھت سے چمٹے رہنا پاگل پن ہے۔