روہیت شرما، ڈیوڈ وارنر اور جان ہیسٹنگز کیریئر بیسٹ رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب،پاکستان کا کوئی بھی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں

اتوار 24 جنوری 2016 23:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24جنوری۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا اور بھارت کے مابین ون ڈے سیریز مکمل ہونے کے بعد تازہ ترین ٹیم اور پلیئر رینکنگ جاری کر دی ہے۔ روہیت شرما، ڈیوڈ وارنر، جان ہیسٹنگز کیریئر بیسٹ رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، گلین میکسویل، سٹیون سمتھ، اجنکیا راہانے، روندرا جدیجا اور ایشانت شرما کی بھی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔

بیٹنگ میں پاکستان کا کوئی بھی بلے باز ٹاپ ٹین میں نہیں جبکہ باؤلنگ میں سعید اجمل اور محمد عرفان پہلے دس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ سیریز کے آخری ون ڈے میں فتح سے بھارت دوسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ گزشتہ روز آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ون ڈے کی بیٹنگ رینکنگ میں اے بی ڈی ولیئرز بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

(جاری ہے)

ویرات کوہلی دوسرے، ہاشم آملہ تیسرے اور کین ولیمسن چوتھے نمبر پر ہیں۔ روہیت شرما آٹھ درجے ترقی پاکر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ گلین میکسویل کی بھی دو درجے بہتری ہوئی ہے اور وہ آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر، جارج بیلی، مچل مارش اور اجنکیا راہانے کی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ بھارتی کپتان ایم ایس دھونی سات درجے تنزلی کے بعد 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

باؤلنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور آسٹریلیا کے مچل سٹارک تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے سعید اجمل آٹھویں اور محمد عرفان دسویں پوزیشن پر ہیں۔ جان ہیسٹنگز، ایشانت شرما اور روندرا جدیجا کی درجہ بندی میں ترقی ہوئی ہے۔ ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا 128 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ بھارت 113 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقہ 112 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کا نمبر 87 پوائنٹس کے ساتھ آٹھواں ہے۔

متعلقہ عنوان :