وزیراعلیٰ سے شمالی وزیرستان کے ہونہار طالب علم ذوالقرنین کی ملاقات،ذوالقرنین جیسے ذہین اور محنتی طالبعلم ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،ایسے ہیروں کو تراشنے کیلئے وسائل نچھاورکرتے رہیں گے،شہبازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب جس طرح مستحق اور ذہین طلبا کو اعلیٰ تعلیم دلانے کیلئے کام کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے،ذوالقرنین

اتوار 24 جنوری 2016 23:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے علاقے حیدر خیل سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم ذوالقرنین نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ہونہار طالب علم ذوالقرنین کے ایم بی بی ایس کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ذوالقرنین کے ایم بی بی ایس کی تعلیم کے تمام اخراجات برداشت کرے گی اور اس ضمن میں ذوالقرنین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

انہو ں نے کہا کہ ذوالقرنین جیسے ذہین طالب علم پاکستان کا اثاثہ ہیں اور قوم کو ا ن پر فخر ہے۔ ایسے ذہین اور مستحق طلبا کی تعلیم کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں کیونکہ ایسے طالب علموں کیلئے وسائل کی فراہمی پاکستان کے مستقبل پر سودمند سرمایہ کاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے ہونہار اور مستحق طلبا کو اپنے اخراجات پر اعلیٰ تعلیم دلا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبعلم ذوالقرنین نے شمالی وزیرستان کے دور افتادہ علاقے سے تعلق ہونے اور کم وسائل کے باوجود عزم، حوصلے اور محنت کے ساتھ جو مقام حاصل کیا ہے وہ ثابت کرتاہے کہ ہمارے با صلاحیت نوجوان تاریخ کا دھارا بدلنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں اور ذوالقرنین جیسے قابل اور ذہین طالب علم امید کی کرن ہیں- حکومت پنجاب ذوالقرنین جیسے کم وسیلہ اور باصلاحیت نوجوانوں پر تمام وسائل نچھاور کررہی ہے۔

ذوالقرنین جیسے ذہین اور محنتی طالبعلم ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اورپاکستان کا مستقبل انہی ہیروں سے جڑا ہوا ہے اور پنجاب حکومت ایسے ہیروں کو تراشنے کیلئے وسائل ان پر نچھاور کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ذوالقرنین جیسے طالبعلموں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ہی قائد اور اقبال کا پاکستان تعمیر کیا جاسکتاہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے اس بچے نے اپنی محنت اور والدین کی دعاؤں سے کامیابی حاصل کی ہے اور آج آغا خان میڈیکل یونیورسٹی میں ایم بی بی ایس کا طالب علم ہے ۔

وزیراعلیٰ نے طالب علم ذوالقرنین کو تعلیمی اخراجات کا چیک بھی دیا۔طالب علم ذوالقرنین نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی اخراجات اٹھانے پر میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ شہبازشریف جس طرح مستحق اور ذہین طلبا کو اعلیٰ تعلیم دلانے کیلئے کام کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔