چینی حکومت نے کرپشن کے خلاف ”جنگ“ کا اعلان کر دیا

بد عنوان عناصر کو کچل دیا جائے ، کسی سے کوئی نرمی نہ کی جائے ، صدر کی ہدایت کرپشن کے خلاف قوانین مزید سخت کیے جائیں گے ، وانگ کسہان

پیر 25 جنوری 2016 13:33

چینی حکومت نے کرپشن کے خلاف ”جنگ“ کا اعلان کر دیا

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) چین کی حکومت نے رواں سال کو کرپشن اور بد عنوانی کے خلاف’ جنگ کا سال ‘ قرار دیتے ہوئے قوانین کو مزید سخت بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ انسداد بد عنوانی کے محکمہ کے ایک سینئر اہلکار وانگ کسہان نے کمیونسٹ پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سخت قوانین کے اثرات ظاہر ہور ہے ہیں تا ہم پارٹی رہنماؤں کو صاف ستھری حکمرانی اور ڈسپلن سے متعلق قوانین کو ایسے انداز میں نافذ کرنا چاہئے کہ کسی کرپٹ اور بد عنوان کو معاف نہ کیا جائے اور نہ کوئی ہماری نظروں سے اوجھل ہو سکے ، کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی اندرونی نگرانی کے قواعد جو 2003میں تیار کیے گئے تھے ، ان پر نظر ثانی ہونی چاہئے اور انتظامیہ کی نگرانی کے ضابطے جو سرکاری افسران کی نگرانی سے متعلق ہیں پر بھی غور ہونا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر بھی احتساب کا نظام موثر ہونا چاہئے اور ایسے اہلکاروں اور پارٹی ارکان کے خلاف کارروائی ہو گی جنہوں نے پارٹی پالیسی نافذ کرنے میں کمزوری کا مظاہرہ کیا یا اپنے فرائض صحیح طریقے سے ادا نہیں کئے یا جنہوں نے غلط افسران کو ترقی دی اور وہ پارٹی اندر مسائل کا سراغ لگانے میں ناکام رہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ژی کی ہدایات کی روشنی میں کرپشن اور بد عنوانی کرنے والے عناصر کو کچل دیا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی سے کوئی نرمی نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :