سیاسی قیادت راہداری منصوبے کی کامیابی سے تکمیل کیلئے اسکے گرد اتحاد و یکجہتی کا حصار قائم کرے ‘تہمینہ دولتانہ

پیر 25 جنوری 2016 14:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ پاکستان دینے کیلئے دہشتگردی کیخلاف جاری جنگ ہر حال میں جیتنا ہو گی ، وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے لیکن کچھ عناصر کو یہ ترقی ہضم نہیں ہو رہی ۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ملک کی تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے لیکن بد قسمتی سے اسے بھی متنازعہ بنانے کی کوششیں کی گئیں۔وزیر اعظم محمد نواز شریف نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام سیاسی قیادت کو اکٹھا کر کے ان کے تحفظات دور کر دئیے ہیں اب تمام سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ اس منصوبے کو متنازعہ بنانے کی بجائے اسکی کامیابی سے تکمیل کے لئے اس کے گرد اتحاد و یکجہتی کا حصار قائم کرے ۔

(جاری ہے)

پاک چین اقتصادی راہداری کامنصوبہ ملک دشمن عناصر کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے اس لئے ہمیں سمجھداری اور برد باری سے کام لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر کے پاکستان کی عوام کو بڑا تحفہ دیا ہے ۔اسے دیکھتے ہوئے دنیا کے دیگر ممالک بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب ہوں گے جس سے ہماری معیشت ترقی کرے گی۔