ملک سے بیروزگاری کو ختم کرنے کے لئے نوجوانوں کو فنی تعلیم حاصل کرنا ہو گی، ذوالفقار چیمہ

پیر 25 جنوری 2016 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 جنوری۔2016ء) ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ سکل ڈویلپمنٹ سے ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے ملک سے بیروزگاری کو ختم کرنے کے لئے نوجوانوں کو فنی تعلیم حاصل کرنا ہو گی ۔ ملک میں وسیع پیمانے پر افرادی قوت ہونے کے باوجود ان کو استعمال میں نہ لانا افسوسناک ہے ۔

پاکستان کے نوجوانوں میں موجود صلا حیتو ں کو ابھی تک استعمال میں نہیں لایا جا سکا ۔ سکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے بیروزگاری اور غربت کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیس کروڑ کی آبادی میں ساٹھ فیصد یوتھ پر مشتمل ہے لیکن بدقسمتی سے ان کے پاس نوکریاں نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

بیروزگاری کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ۔ ہمارے یوتھ کو بیروزگاری ختم کرنے کے لئے فنی ہنر فراہم کرنا ہو گا اس سے غربت کو کم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ والوں نے بھی اسی طرح اپنے نوجوانوں کو ٹیکنیکل اداروں میں بھیجا جس سے ان کی انڈسٹری کو تقویت ملی ۔ اگر ہم اپنے نوجوانوں کو فنی ہنر فراہم کرنے میں کامیاب ہو گئے تو ملک میں انقلاب آ سکتا ہے ۔

ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ انٹرنیشنل پارٹنر کے ساتھ سسٹم کو ریفارم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ نیشنل ووکیشنل سکل سٹیٹجی ، نیشنل ووکیشنل انسٹیوٹ NISP اور امتحان کے لئے جدید سسٹم کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک لاتعداد بیروزگار نوجوانوں کو فنی ٹریننگ دے چکے ہیں ان کی جاب کے حوالے سے آئندہ ماہ جاب فیئر کروائے جائیں گے ۔

اس کے علاوہ ان ٹریننگ لینے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے ملک کے اندر یا ملک کے باہر کسی بھی انڈسٹری والے کو ضرورت ہو گی تو ان کا رابطہ کرائیں گے ۔ وزیر اعظم یوتھ سکل کے تحت نوجوانوں کو ملک بھر میں ٹریننگ دی جا رہی ہے ۔ ان میں الیکٹریشن ، آٹو کیڈ ، فیشن ڈیزائنگ ، کوکنگ و دیگر کورسز شامل ہیں ۔ زراعت ہمارا بہت اہم سیکٹر ہے ماضی میں اس شعبے میں کوئی ٹریننگ کا کوئی کانسپٹ موجود نہیں تھا زرعی شعبوں میں تربیت یافتہ افراد کی بہت ضرورت ہے ۔

ان کو بھی کورسسز کروائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیکنیکل کے اداروں کی کمی ہے حکومت سے درخواست کی ہے ہر ڈویژن میں ایک معیاری ٹیکنیکل ادارہ قائم کیا جائے اور صوبے کی سطح پر ایک یونیورسٹی بنائی جائے ۔ نوجوانوں کو کارآمد شہری بنانا چاہتے ہیں اس حوالے سے میڈیا کے تعاون کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :