قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میں کارکردگی مایوس کن ، ناقص رہی،سابق ٹیسٹ کرکٹر

پیر 25 جنوری 2016 15:24

قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میں کارکردگی مایوس کن ، ناقص ..

اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جنوری۔2016ء) سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں شکست پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں کارکردگی مایوس کن اور ناقص رہی۔ آئندہ میچوں کیلئے پاکستان کو نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا چاہئے اور شعیب ملک کو آئندہ دو میچوں کیلئے کھیلانا ٹیم کے مفاد میں ہوگا۔

پیرکو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹر وجاہت الله واسطی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان نے نئے گیم کے ساتھ اچھی باؤلنگ کی اور نیوزی لینڈ کے 90 رنز پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم آخری اوورز میں پاکستانی باؤلرز نے دباؤ میں باؤلنگ کرتے ہوئے زیادہ رنز دیئے جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ 280 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔

(جاری ہے)

آخری اوور میں وہاب ریاض اور انور علی کی غلط لائن اور لینتھ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے خوب رنز اسکور کئے۔ محمد عامر اور انور علی نے شروع میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو دباؤ میں رکھا۔ جواب میں مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیادہ دیر وکٹ پر جم نہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کو سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ایک یا دو کھلاڑیوں کو کھیلانا چاہئے۔ آئندہ میچوں کے لئے تجربہ کار بلے باز شعیب ملک کو کھیلانا ٹیم کے مفاد میں ہوگا۔ ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ابتدائی بلے بازوں کو جلد آؤٹ کر پاکستان کو اچھا چانس میسر آیا تھا تاہم نیوزی لینڈ کے آخری بلے بازوں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پاکستان سے میچ جیت لیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں ٹیمپرا منٹ کی کمی ہے۔