وفاقی محتسب نے بیرون ملک میں پاکستانیوں کی شکایات سننے کیلئے وزارت خارجہ کو ہفتے میں ایک دن مقرر کرنے کی ہدایت

پیر 25 جنوری 2016 16:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء)وفاقی محتسب نے بیرون ملک پاکستان کے تمام سفارتی مشن اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات سننے کیلئے وزارت خارجہ کو ہفتے میں ایک دن مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی محتسب آف پاکستان سلمان فاروقی کے حکم پرحافظ احسان احمد کھوکھر نے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کیا ۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ ہر سفیر شکایات کی سماعت سے متعلق ماہانہ بنیاد پر رپورٹ وفاقی محتسب سیکرٹیریٹ کو بھیجیں ، مراسلے میں وزارت خارجہ کو یہ ہدایت بھی کی گئی کہ پاکستان کے تمام سفارتی مشنز میں تعینات فوکل پر سن اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزارت خارجہ کو یہ بھی ہدایت کی کہ تمام سفارتخانوں کے سفیروں کو ہدایت کی جائے کہ وہ فوکل پرسنز کے فون نمبرز ، موبائل نمبرز اور ای میل ایڈریس سفارتخانوں کی ویب سائٹس پردیں، حافظ احسان کھوکھر نے پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات نادرا، پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ ، انفارمیشن آفیسر اور کمرشل قونصلرز کو ہدایت کی کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں اور شکایات کے اندراج کے لیے تمام سفارتخانے آن لائن نظام قائم کریں ، پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیاجائے ، ریاض ، سعودی عرب اور مشرق وسطی کے دیگر ممالک کے پاکستانی سفارتخانے خواتین کیلئے الگ کاؤنٹر ز بنائیں۔