اپوزیشن کا آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم

آرمی چیف کے بیان سے توسیع لینے کاتباہ کن کلچر ختم ہوگا ٗمقررہ مدت میں دیانتداری سے کام مکمل کرنے پر قوم جنرل راحیل شریف کو یاد رکھے گی ٗاس معتبر فیصلے سے ان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے ٗ آصف علی زر داری ٗ شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری کا بیان

پیر 25 جنوری 2016 18:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) اپوزیشن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کے بیان سے توسیع لینے کاتباہ کن کلچر ختم ہوگا ٗمقررہ مدت میں دیانتداری سے کام مکمل کرنے پر قوم جنرل راحیل شریف کو یاد رکھے گی ٗاس معتبر فیصلے سے ان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔

ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زر داری نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے پاک فوج کے سربرا ہ کی ملازمت میں توسیع بارے افواہوں کا خاتمہ ہوجائیگا اس سلسلے میں واضح بیان دیکر یہ بتادیاگیا ہے کہ جنرل راحیل شریف ملازمت میں کوئی توسیع نہیں لینگے ۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے کہا کہ پاک فوج ملک کا ایک باوقار ادارہ ہے اور ملازمت میں توسیع نہ لینے کی روایت کو جڑیں پکڑنے کی اجازت نہ دینے سے پاک فوج کی بہتر انداز میں خدمت کی جاسکتی ہے ۔

ادھرتحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملازمت میں توسیع نہ لینے کے حوالے سے آ رمی چیف کے بیان پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ٗآرمی چیف نے بہت بڑا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی مفاد کواپنی ذات سے عزیر سمجھا ہے ٗآرمی چیف کے اس فیصلے سے ان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے یہ فیصلہ ایک معتبر فیصلہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مقررہ مدت میں دیانتداری سے کام مکمل کرنے پر قوم انہیں یاد رکرے گی۔پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کی ترجمان شیریں مزاری نے بھی آرمی چیف کے موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے بجا طورپر اداروں کو مستحکم کر نے کی بات کی ہے جسے توسیع لینے کے کلچر کے ذریعے نظر انداز کیا جاتا رہا ۔انہوں نے کہاکہ چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے مقررہ وقت پر ریٹائر منٹ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ اس بیان سے تمام افواہوں کا خاتمہ ہو گا اور اس سے توسیع لینے کاتباہ کن کلچر ختم ہوگا ۔