پاکستانی دنیاکے کسی بھی خطے میں ہوں ان کی تمام تر کوششو ں کا محور ارض پاک کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے‘ رفیق رجوانہ

بیرون ملک کام کرنیوالے لاکھوں پاکستانی ہمارا وقار ہیں جو معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے صحیح امیج کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہیں

پیر 25 جنوری 2016 18:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستانی دنیاکے کسی بھی خطے میں ہوں ان کا دل اور دماغ اپنے وطن میں ہوتا ہے اور ان کی تمام تر کوششو ں کا محور ارض پاک کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے عمل کو تیز کرنا ہے، بیرون ملک کام کرنے والے لاکھوں پاکستانی ہمارا وقار ہیں جو معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ملک کے صحیح امیج کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے یورپ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جنہو ں شہزادہ عثمان طاہراور افضال احمد وڑائچ کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہر سال پندرہ ارب ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ ملک میں بھیج کر ہماری معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید موثر کرنے کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ پہلے سے بہتر انداز میں وطن عزیز کی خدمت کر سکیں ۔ انہو ں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے صوبے میں کمیشن قائم کیا گیا ہے اب تارکین وطن کسی قسم کے مسئلے کی صور ت میں براہ راست کمیشن سے رابطہ کر کے اس کا حل نکال سکتے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی عزت و احترام میں اضافے اور ملک میں ان کو جائز مقام دینے کے لیے بھی کئی اقدامات کیے گئے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اقتصادی وژن کی بدولت ملکی معیشت بہتری آئی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور غیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کو ترجیح دے رہی ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ ملک میں معاشی انقلاب لانے کے لیے وزیر اعظم اور ان کی پوری اقتصادی ٹیم جس طرح یکسوئی سے کام کر رہی ہے وہ دن دورنہیں جب پاکستان بھی اقوام عالم میں ایک مضبوط معیشت کے طور پر جانا جائے گا۔اس موقع پر وفد نے اوورسیز پاکستانیو ں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی پیش کیں ۔دریں اثنا،ء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سابق ضلعی ناظم میاں عامر محمود کے والد میاں ظہور الحق کی وفات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں گورنر پنجاب نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دُعا کی ہے کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔