چیئرمین سراج محمد خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کا اجلاس

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور گزشتہ اجلاس کی شفارشات پر عملدرآمدکا جائزہ لینے ‘ ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ‘ ٹریڈ پالیسی کا ریویو ‘ ملکی و غیر ملکی کانفرنسز کے انعقاد سمیت دیگر امور زیر بحث آئے

پیر 25 جنوری 2016 18:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کا اجلاس ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے لاہور آفس میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سراج محمد خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی اور گزشتہ اجلاس کی شفارشات پر عملدرآمدکا جائزہ لینے ‘ ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ ‘ ٹریڈ پالیسی کا ریویو ‘ ملکی و غیر ملکی کانفرنسز کے انعقاد سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔

اس موقع پر قا ئمہ کمیٹی کے ممبران چوہدری اسد الرحمن ‘ محمد پرویز ملک ‘ طاہرہ اورنگزیب ‘ شہزادی عمر زیدی ٹوانہ‘ مخدوم سید علی حسن گیلانی ‘ مہرین رزاق بھٹو ‘ سمیت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ‘ منسٹری آف کامرس کے افسران و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شیر افگن خان نے قائمہ کمیٹی کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی ،مارکیٹنگ سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

قائمہ کمیٹی برائے کامرس نے اپنی سفارشات دیتے ہوئے کہا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پاس کچھ فنڈز پڑے ہوئے ہیں، جو ایکسپورٹر ز کو مراعات دینے کیلئے استعمال کئے جانے چاہئیں۔ زرعی صنعت اور کاروباری صنعت کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کی جانی چاہئے۔ ملک کے تمام صوبوں میں بجلی کے اوپر سبسڈی یکساں مہیا کی جانی چاہئے۔ قائمہ کمیٹی کے ممبران کو منعقد ہونے والی بین الاقوامی سنگل کنٹری ایگزیبیشن اورکانفرنسز میں بھیجا جانا چاہئے تاکہ وہ خود ان کی مانیٹرنگ کر سکیں اور یہ جان سکیں کہ تجارتی کانفرنسز کا انعقاداس انداز میں کیا جا رہا ہے جس انداز میں یہاں کمیٹی کو آگاہ کیا جاتاہے ۔

ٹریڈ پالیسی 2012-15ء کا رویو کیا جانا چاہئے ۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ہم سب کومل کر ملک کی بہتری اور ترقی کیلئے کام کرنا چاہئے۔ ملکی ایکسپورٹ میں اضافہ اور فارن ایکسچینج کمانے سے ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ کیلئے کوششیں کرنا ہونگی۔ صنعتوں کو بجلی و گیس فراہم کی جانی چاہئے ، صنعتوں کا پہیہ چلنے سے ہی ایکسپورٹ کو بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کاروباری برادری کیلئے آسانیاں پیدا کرے اور ملکی برآمدات کو بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ایکسپورٹرز اپنی مصنوعات کو غیر ملکی معیار کے عین مطابق بنائیں تاکہ پاکستانی مصنوعات غیر ملکی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکیں۔ چیئرمین نے کہا کہ منسٹری آف کامرس کے تمام آفیشلز کو آئندہ اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنانے پر زور دیا ۔

متعلقہ عنوان :