صحت کا ترقیاتی بجٹ کسی دوسرے منصوبے پر خرچ کرنے کی باتیں محض افواہیں ہیں ‘خواجہ سلمان رفیق

شعبہ صحت کی ترقی اور عوام کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت

پیر 25 جنوری 2016 18:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ہیلتھ ڈویلپمنٹ کے لئے مختص فنڈز کسی دوسرے ترقیاتی منصوبے پر خرچ نہیں کئے جا رہے اور اس حوالے سے تمام خبریں اور بیانات صرف افواہیں ہیں ، محکمہ صحت پنجاب کے اے ڈی پی ریو اجلاسوں میں افسران کو ترقیاتی فنڈز کے استعمال کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

ایک بیان میں مشیر صحت نے کہا کہ شعبہ صحت کی ترقی اور عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔حکومت کے ٹھوس اور موثر اقدامات کی بدولت پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ کیئر میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سیاسی مخالفین صوبے میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل ہوتا نہیں دیکھ سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت کے جاری منصوبوں کو رواں مالی سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مختص شدہ ترقیاتی فنڈز کو خرچ کرنے کے لئے ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کریں ۔مشیر صحت نے کہا کہ 2015-16 کے سالانہ بجٹ میں مختص ترقیاتی فنڈز ہیلتھ سیکرٹر پر خرچ ہونے کے بعد بلاک ایلوکیشن سے مزید فنڈز بھی فراہم کئے جا سکتے ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہیلتہ سیکٹر ڈویلپمنٹ کے فنڈز اورنج لائن کے منصوبے کے لئے مختص کرنے کی من گھڑت باتیں وہی عناصر کر رہے ہیں جو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے خلاف ہیں اور وہ پنجاب کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے ۔

متعلقہ عنوان :