نارویجن چرچ کونسل کی نمائندکی منہاج یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر کے وائس چیئر مین سے ملاقات

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 25 جنوری 2016 18:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جنوری۔2016ء )نارویجن چرچ کونسل کی نمائندہ و سماجی رہنما میڈیم ہانامولن نے گزشتہ روز منہاج یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنر کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین سے ملاقات کی،اس موقع پر میڈیم ہانامولن کو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات اور انٹرفیتھ ہارمنی کے حوالے سے منہاج یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی کردار کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اس موقع پر ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل رضا بھی موجود تھے، اس موقع پر میڈیم ہانامولن نے انتہا پسندی کے خاتمہ ،تعلیم کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قومی و عالمی خدمات کو سراہا بالخصوص انتہا پسندی کے خاتمے کے ضمن میں فروغ امن نصاب پر انہوں نے ڈاکٹر حسین محی الدین اور تحریک منہاج القرآن کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن اور محبت کا درس دیتا ہے، دہشتگرد اسلام کے جس چہرے کو متعارف کروانا چاہتے ہیں اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے لاکھوں کارکن جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن بین المذاہب وبین المسالک ہم آہنگی و بامقصد تعلیم کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے۔