حکمران ہو ش کے ناخن لیں اور پرامن علماء کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں سے باز رہیں: سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا ردِ عمل

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 25 جنوری 2016 18:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 جنوری۔2016ء )جمعیت علماء پاکستان کے صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی، علامہ قاری محمد زوار بہادر، پروفیسر جاوید اعوان ،علامہ نوراحمد سیال سعیدی، حافظ نصیر احمد نورانی ،رانا رحمت اور ملک بشیر احمدنظامی نے پولیس کی طرف سے علماء اہلسنّت لاہور کی بلاجواز پکڑ دھکڑ اور گھروں پر چھاپے مارنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور حکمران ہو ش کے ناخن لیں اور پرامن علماء کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریوں سے باز رہیں انتظامیہ نے شیخ الحدیث مولانا خادم حسین رضوی ،آستانہ عالیہ شرقپور شریف کے صاحبزادہ میاں محمد ولید شرقپوری،جامعہ حزب الاحناف کے صاحبزادہ محمدمختار رضوی ،مولانا قاری خلیل احمد مہروی ،مولانا محمد حسین ،مولانا قاری عبداللطیف ،محمد الطاف ،محمد عامر،طاہر رسول ،علی شان ،عطاء محمد،میاں محمد جمیل سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں بند کردیا گیا ہے انتظامیہ گرفتار علماء کو فوراً رہا کرے۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے علماء اور دینی جماعتوں کے پرامن کارکنوں کے کوئی بنیادی حقوق نہیں ہیں انتظامیہ جب چاہتی ہے دینی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کرلیتی ہے ان کے گھروں پر چھاپے مار کر ان کے اہل خانہ کے ساتھ بے ہودگی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتی ہے ایسے میں پرامن لوگوں کے لئے زندگی گزارنے کے حقوق ختم کیے جارہیں ہیں رہنماؤں نے کہا کہ ڈاکٹرز ،وکلاء ، تاجر، مزدور اور سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کے تمام افراد اپنے حقوق کے لئے احتجاجی مظاہرے، جلسے اور جلوس کرسکتے ہیں مگرنظریہ پاکستان کے حامی پر امن علماء اور شہری ایسے مظلوم ہیں کہ وہ اپنے حقوق کے لئے احتجاج سے محروم کردیئے گئے ہیں۔

جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان ، صدر پاکستان ،مسلح افواج کے سربراہوں اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاہور میں پرامن علماء پر تشدد ،ان کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا حکم صادر فرمائیں۔ دریں اثناء سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں لیاقت بلوچ ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، رانا محمد شفیق پسروری ، حافظ کاظم رضا نقوی ،مولانا امجد خان، مولانا عبدالروؤف فاروقی ، اعجاز چودھری اور دیگر نے لاہور میں پولیس گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے پرامن علماء کی گرفتاریوں پر انتظامیہ اور پولیس کو خبر دار کیا کہ پولیس پُرامن احتجاج کرنے والوں کی گرفتاریوں اور تشدد سے باز رہے ۔