قائمہ کمیٹی کی آزاد کشمیر میں وفاقی حکومت کے پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں کی فہرست اور آڈٹ رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت

آزادکشمیر کا پی ایس ڈی پی 11ارب سے بڑھاکر 22ارب کیا جائے ،سیکرٹری پلاننگ آزادکشمیر کامطالبہ وفاقی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈو یلپمنٹ سفید ہاتھی بن چکاہے، رکن کمیٹی عمران لغاری کی تنقید

پیر 25 جنوری 2016 19:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر نے سیکرٹری منصوبہ بندی آزاد کشمیر کو ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی کے تحت جو منصوبے 80فیصد سے زائد مکمل ہو چکے ہیں ان کی فہرست اور آڈٹ رپورٹ پیش کریں تاکہ ان کو جلد از جلد مکمل کرکے قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جاسکے ۔

آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں بشمول پونچھ میڈیکل کالج کی جلد تعمیر کوترجیح دی جائے، منگلاڈیم اپ ریزنگ منصوبے کے تحت ،ر ٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر اور مسائل کا جائزہ لینے میرپور کا دورہ کریگی ۔ سیکرٹری پلاننگ آزادکشمیر نے مطالبہ کیا کہ مالی سال 2015-16کے لئے آزادکشمیر کا پی ایس ڈی پی 11ارب سے بڑھاکر 22ارب کیا جائے۔

(جاری ہے)

پیرکو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امورکشمیروگلگت بلتستان کا اجلاس کمیٹی چیئرمین ملک ابرار احمد کی صدارت میں ہوااجلاس میں سیکرٹری وزرات امور کشمیروگلگت بلتستان عابد سعید اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آزاد کشمیر منصور قادر ڈار نے اجلاس کو آزاد کشمیر کیلئے مالی سال 2016-17کیلئے وفاقی دارلحکومت کے ترقیات بجٹ (پی ایس ڈی پی ) کیلئے تجاویز پیش کی ۔

سکیرٹری پلاننگ اورڈویلپمنٹ آزادکشمیر نے تجویزپیش کی کہ آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت کا پی اسی ڈی پی 11ار ب سے بڑھاکر مالی سال (2016-17)22ارب کیا جائے ۔ فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبہ بروقت مکمل نہیں ہورہے اور منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہورہاہے۔ 136منصوبوں پر 80فیصد کام مکمل ہوچکاہے اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے 3.4ارب درکار ہیں 319ترقیاتی منصوبے 50فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکاہے جن کیلئے 13ارب درکارہیں۔

سوشل اکنامک ڈولپمنٹ کے منصوبوں کے تحت رٹھوعہ ہریام برج اور میرپور کی واٹر سپلائی سکیم کیلئے 2.6ارب کی ضرورت ہیں ۔ جاگراں2ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے 2ارب درکارہیں۔ میرپور میں رٹھوعہ ہریام برج مکمل نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامناہے اور 300میٹر کے علاقے میں پانی کھڑا ہے۔ راولاکوٹ پونچھ میڈیکل کالج کو ( پی ایس ڈی پی) میں شامل کرایاجائے۔

پونچھ میڈیکل کالج میں طالب علم چوتھے سال میں جاچکے ہیں آزاد حکومت اپن یاے ڈی پی سے ملازمین کو تنخواہ اداکررہی ہیں ۔ آزادکشمیر اسمبلی کی تعمیر کیلئے مختص بجٹ کو اس سال کیلئے پونچھ میڈیکل کے منصوبے کیلئے وقف کیاجائے۔ سیکرٹری امور کشمیر نے کہاکہ وفاقی دارلحکومت آزاد کشمیر میں پی اس ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی مکمل فنڈنگ کرتی ہے۔

آزادکشمیر کے فنڈز کے حوالے سے تنازعہ کے حل کیلئے قائم کمیٹی کے اجلاس ہورہاہے۔ پی ایم ڈی سی کے سابق کونسل ممبر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید میاں نے کمیٹی کو کہا کہ آزادکشمیر میں قائم 4میڈیکل کالج سارا ریونیو اکٹھاکرکے پی ایم ڈی سی کو دے رہے ہیں لیکن پی ایم ڈی سی آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز کی رجسٹریشن نہیں کر رہی۔ سیکرٹری امور کشمیر نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل کے ڈیزائن میں مسئلہ ہے۔

عمران ظفر لغاری نے کہا کہ وفاقی حکومت کا پلاننگ اینڈ ڈو یلپمنٹ کا محکمہ سفید ہاتھی بن چکاہے اور آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز جاری کیے جائیں، ضلع کہوٹہ اور نیلم میں یونیورسل سروس فنڈز کے تحت موبائل ٹاورز تعمیر کرکے موبائل سروس شروع کی جائے۔ چوہدری عابد رضانے کہا کہ کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں میں جتنی کرپشن کی جاتی ہے اتنی دنیا میں کہیں نہیں ہوتی ہوگی ۔

چیئرمین کمیٹی ملک ابرار نے کہا کہ کمیٹی رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر میں تاخیر اور مسائل کا جائزہ لینے کیلئے میرپور کا دورہ کریگی انہوں نے وزرات پلاننگ آزادکشمیر کو ہدایت کی کہ 80فیصد سے زائد جن ترقیاتی منصوبوں پر کام مکمل ہوچکاہے ان کی فہرست اور آڈٹ رپورٹ کمیٹی کو پیش کی کریں تاکہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کراکر قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت نے آزاد کشمیر میں جمہوری روایات کو فروغ دیا ہے۔ تعلیمی منصوبوں کو ترجیح دی جائے اور آزاد کشمیر کے لئے مختص فنڈز کو پونچھ میڈیکل کالج کے منصوبے کیلئے منتقل کرنے کے حوالے سے تجویز کا جائزہ لیاجائے ، تعلیمی اداروں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :