وزیر اعظم فیس واپسی کیلئے ویب پورٹل سسٹم کے استعمال پر ایچ ای سی ورکشاپ

پیر 25 جنوری 2016 19:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) پاکستان نے سیکرٹریٹ میں وزیر اعظم ٹیوشن فیس واپسی سکیم کے لئے سٹوڈنٹ ویب پورٹل سسٹم کے اطلاق اور استعمال کیلئے ایک روزہ ورکشاپ کا انتظام کیا ۔جیسا کہ وزیر اعظم فیس واپسی سکیم کا نظام خودکار بنا دیا گیا ہے، سٹوڈنٹ ویب پورٹل سسٹم سے متعلق طریقے اور ہدایات سے متعلق ورکشاپ میں سندھ ،بلوچستان اور گلگت - بلتستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی یونیورسٹیوں کے مندوبین کی عملی رہنمائی کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جی رضا بھٹی ،قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن نے سٹوڈنٹ ویب پورٹل سسٹم کے اطلاق کی اہمیت ،آن لائن سٹوڈنٹ رجسٹریشن، سٹوڈنٹ ریکارڈ کی جانقدری اور پیسوں کے استعمال کی رپورٹ پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں کے نوجوانوں کی مدد کرنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔

شفافیت کو زیادہ سے زیادہ کرنے اور سکیم کے مجموعی طریقہ کار کو باسہولت بنانے کیلئے ایچ ای سی نے ایک مناسب ویب پر مبنی سسٹم تیار کیا ہے ۔اگرچہ یونیورسٹیوں نے مینوئل سسٹم کو اپنا لیا ہے پھر بھی یونیورسٹی مندوبین کی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگاتاکہ وہ مؤثر انداز سے ویب پورٹل سسٹم پرکام کر سکیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایچ سی میں جاری سلسلوں کی یہ چوتھی ورکشاپ تھی۔

وزیر اعظم ٹیوشن فیس واپسی سکیم ویب پورٹل سسٹم پر پہلی ورکشاپ پشاور میں خیبر پختونخواہ کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے مندوبین کیلئے منعقد کی گئی۔ دوسری ورکشاپ جڑواں شہروں(اسلام آباد اور راولپنڈی) اور آزاد جموں و کشمیر کی یونیورسٹیوں کے مندوبین کیلئے منعقد کی گئی جبکہ تیسری ورکشاپ جنوبی پنجاب ریجن کیلئے منعقد کی گئی۔ مالی سال2015-16 میں کم ترقی یافتہ علاقوں کے لئے وزیر اعظم ٹیوشن فیس واپسی سکیم کیلئے 1.8بلین روپے جاری کئے۔گزشتہ سال کم ترقی یافتہ علاقوں کے 52,333طلبہ نے سکیم سے مستفید ہوئے۔