سپریم کورٹ نے این اے 101 میں (ن )لیگ کے رکن قومی اسمبلی افتخاراحمد چیمہ کو نااہل قرار دیدیا ٗ الیکشن دوبارہ کرانے کا حکم

افتخار چیمہ نے کاغذات نامزدگی میں بنک ا کاؤنٹس سے متعلق حقائق کو چھپایا،2009 سے 2013 تک انکم ٹیکس ریکارڈ جمع نہیں کروایا ٗدرخواست گزار

پیر 25 جنوری 2016 19:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) سپریم کورٹ نے این اے 101 میں (ن )لیگ کے رکن قومی اسمبلی جسٹس ریٹائرڈ افتخاراحمد چیمہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا ہے ۔پیر کو چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ جسٹس ریٹائرڈ افتخاراحمد چیمہ پر کاغذات نامزدگی میں اثاثہ جات کی تفصیلات چھپانے کا الزام تھا ٗمقابل امیدوار مسلم لیگ جونیجو کے احمد چٹھہ نے جسٹس ریٹائرڈ افتخار احمد کے خلاف نااہلی کی درخواست دی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیاکہ افتخار چیمہ نے کاغذات نامزدگی میں بنک ا کاؤنٹس سے متعلق حقائق کو چھپایا،2009 سے 2013 تک انکم ٹیکس ریکارڈ بھی جمع نہیں کروایاانہیں آرٹیکل 62اور 63کے تحت نااہل قرار دیا جائے ۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن افتخارچیمہ کو نااہل قرار دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔واضح رہے کہ حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے جسٹس (ر) افتخار چیمہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 101 سے 27 ہزار 440 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔