Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے پر تبادلہ خیال

نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے،صوبے میں تیزرفتار معاشی ترقی کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں، سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کی گئی ہیں،پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے،نوجوانوں کو معیاری ہنر سکھا کربااختیار بنانے کے چیلنج کو مواقع میں بدلنا ہے، شہباز شریف کی وفد سے گفتگو

پیر 25 جنوری 2016 20:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں تیزرفتار معاشی ترقی کے لیے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کی گئی ہیں۔ورلڈ بینک کے تعاون سے پنجاب کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے پروگرامز کامیابی سے چل رہے ہیں۔

نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں کوالٹی سکل ڈویلپمنٹ فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے-نوجوانوں کو ملکی وغیر ملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کیلئے پنجاب میں ایک جامع پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، تاہم پنجاب حکومت اس پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھانا چاہتی ہے اور اس ضمن میں ہم ورلڈ بینک کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے-وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھو الانگو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی جس میں پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان تعلیم، صحت، آبپاشی، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔نوجوانوں کو معیاری ہنر سکھا کربااختیار بنانے کے چیلنج کو مواقع میں بدلنا ہے ۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے اورپنجاب حکومت اس سلسلے میں درست سمت کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا اورہنرسکھانا ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت فنی تربیت کے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کررہی ہے اورپنجاب میں نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے متعدد پروگرامز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے-سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہزاروں نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جا چکاہے جبکہ آئندہ اڑھائی برس میں مزیدلاکھوں نوجوانوں کو ملکی و غیرملکی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنایا جائے گا اور اس ضمن میں نہ صرف ٹیکنیکل و وکیشنل تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کیا جا رہا ہے بلکہ نصاب کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے تاکہ تربیت مکمل کرنے کے بعد نوجوانوں کو باعزت روزگار مل سکے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ایک لاکھ ذہین اور مستحق طلبہ کو تعلیمی وظائف کا ہدف پورا کیا گیاہے- پنجاب حکومت نے صوبے کے وسائل میں اضافے کے لئے انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں- سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے-صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ای گور ننس کو فروغ دیا گیا ہے۔پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا موتھوالانگونے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی متحرک اور پرعزم قیادت نے پنجاب میں فلاح عامہ کے لئے شاندار اقدامات کئے ہیں- پنجاب حکومت کے ساتھ سماجی و معاشی ترقی میں اشتراک کار مزید بڑھائیں گے -مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات